news
English

رمیزراجہ کو بابراعظم کی اسپن بولنگ کے خلاف کارکردگی پرتشویش

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے بابر اعظم کو اسپن بولنگ کے خلاف بیٹنگ بہتر کرنے کا گُر بتادیا۔

رمیزراجہ کو بابراعظم کی اسپن بولنگ کے خلاف کارکردگی پرتشویش

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ میں پائی جانے والی اہم خامی کا حل بتا دیا۔ 
رمیزراجہ کا خیال ہے کہ بابراعظم اسپن بولنگ کو کھیلنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن اس میں کامیاب نہیں ہوپارہے، سابق کرکٹر نے اپنے تجربے کی روشنی میں بابراعظم کو بتایا کہ سوئیپ شاٹ کھیلنے سے انھیں اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ 
بھارتی اسپورٹس چینل سے بات چیت میں رمیز راجہ نے کہا کہ اگر آپ ان کی بیٹنگ میں خرابی تلاش کرنا چاہتے ہیں تو وہ اسپن بولنگ کے خلاف ان کی ناقص کارکردگی ہے جب وہ اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو اس میں اتنی تیزی نہیں ہوتی جتنی کہ فاسٹ بولرز کے خلاف ان کی بیٹنگ میں نظر آتی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ ان کا فٹ ورک ہے یا پھر ان کی سوچ ہے یا ان کے پاس بہت زیادہ آپشنز نہیں ہیں کیونکہ وہ سوئیپ شاٹ نہیں کھیلتے حالانہ کہ سلو پچز پر آپ کو سوئیپ شاٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ اسپن بولنگ کے خلاف جارحانہ انداز اپناتے ہیں تو آؤٹ ہو جاتے ہیں، افغانستان کے خلاف میچ میں ہم نے دیکھا کہ انہوں نے زبردست چھکا لگایا اور پھر غلط وقت پر آؤٹ ہوگئے، وہ مکمل طور پر خراب نہیں کھیل رہے وہ اب بھی گیند کو مڈل کر رہے ہیں لیکن یہ مسئلہ اپنی جگہ موجود ہے کہ جب وہ اسپن کے خلاف اپنی اننگز شروع کرتے ہیں تو تھوڑا سا پریشان نظر آتے ہیں۔ 
یاد رہے کہ مخالف ٹیموں کے اسپنرز نے ٹورنامنٹ کے دوران کھیلے گئے گرین شرٹس کے سات میں سے پانچ میچز میں بابراعظم کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے اب تک 30.85 کی اوسط سے تین نصف سنچریوں سمیت کُل 216 رنز بنائے ہیں۔