news
English

پی ایس ایل 9: رمیز راجہ پورے ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے

قومی ٹیم کے سابق کپتان دو سال کی طویل غیر حاضری کے بعد پی ایس ایل میں کمنٹری کے فرائض انجام دینے کے لیے واپس آئے ہیں۔

پی ایس ایل 9: رمیز راجہ پورے ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے

ٹیم پاکستان کے سابق کپتان، سابق چیئرمین پی سی بی اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے کمنٹری پینل میں شامل ہوں گے لیکن پورے ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
رمیز راجہ متحرک اور ورسٹائل کمنٹری پینل کا حصہ ہیں جو پورے ٹورنامنٹ میں اپنے دلچسپ تبصروں او رماہرانہ تجزیوں سے شائقین کو محظوظ کرے گا۔ سابق کپتان نے اپنے سوشل میڈیااکائونٹ پر تصدیق کی کہ جب تک ان کے ساتھ پی ایس ایل کا معاہدہ کرنے کی پیشکش کی گئی وہ پہلے ہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے ساتھ معاہدہ کر چکے تھے۔
رمیز راجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ آخری مرحلے میں سپرلیگ میں شامل ہوں گے۔ رمیز راجہ نے لکھا کہ "پی ایس ایل میں واپسی کی خواہشات کے لیے آپ سب کا شکریہ، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ 
میں نے پہلے ہی بی پی ایل کے لیے سائن اپ کر لیا تھا جب مجھے پی ایس ایل کی آفر ملی تو میں راولپنڈی اور کراچی کے آخری مرحلے میں شامل ہوں گا۔ آئیے امید کرتے ہیں کہ یہ ایک زبردست ٹورنامنٹ ہوگا"۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک بھی بطور کمنٹیٹر پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے ہیں۔ غیر ملکی مبصرین کی لائن اپ میں این بشپ بھی شامل ہیں،ان کے ساتھ ڈینی موریسن، سائمن ڈول، پومی مبانگوا، مارک بچر، ڈومینک کارک اور مائیک ہیزمین بھی مبصرین کے پینل میں شامل ہیں۔ این بشپ 2017ء کے سیزن کے بعد پی ایس ایل میں دوسری بار شرکت کریں گے۔ 
ایمبانگوا پی ایس ایل کے 2022 کے ایڈیشن کے بعد واپس آئے ہیں۔ مارک بچر، ڈومنیک کارک اور ہیز مین بھی پی ایس ایل میں  جوش و خروش لائیں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ رمیز راجہ کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمنٹیٹرز وقار یونس، بازید خان، اور عامر سہیل کے ساتھ عروج ممتاز، ثنا میر اور مرینہ اقبال کے ساتھ ایک دلچسپ لائن اپ بنائیں گے۔
طارق سعید اور علی یونس اردو میں کمنٹری دیں گے۔ پی ایس ایل 9 کے دوران ایرن ہالینڈ اور زینب عباس پریزنٹر ہوں گی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا انعقاد چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا جس کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔