news
English

ٹی 20 ورلڈکپ2024 امریکی ٹیم پاکستان کےلیے چیلنج بن سکتی ہے، رمیزراجہ

موننک پٹیل امریکی اسکواڈ کی قیادت کریں گے، جنہیں سوربھ نریش نیتراولکر اور شایان جہانگیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سپورٹ حاصل ہوگی، جو انڈر 19 کی سطح پر بالترتیب ہندوستان اور پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ2024 امریکی ٹیم پاکستان کےلیے چیلنج بن سکتی ہے، رمیزراجہ

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکہ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکی اسکواڈ پاکستان کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس کی مایوس کن کارکردگی کے بعد بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کی آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت پر شکوک کا اظہار کیا ہے، جہاں وہ 183 رنز کے ہدف کا دفاع نہیں کر سکے اور میزبان ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی ایک گیند قبل ہی میچ ہار گئے۔ 
سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ "آپ آئرلینڈ کے خلاف میچ ہارنے کا دفاع نہیں کرسکتے۔ باڈی لینگویج کمزور دکھائی دے رہی ہے، آپ نے ایسے کمبی نیشن بنائے ہیں جس سے ٹیم متاثر ہوئی ہے۔ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی تھی، لیکن کپتانی تبدیل کر دی گئی اور پھر پچھلے کپتان کی جگہ نیا کپتان لایا گیا۔"
رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ یہ ورلڈ کپ کا سال ہے اور ہماری ٹیم ٹی 20 انٹرنیشنل کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آ گئی ہے اور یہ ٹیم کی اصل حالت کو ظاہر کرتا ہے تاہم آگے دیکھتے ہوئے، رمیز راجہ نے مشورہ دیا کہ یو ایس اے کی ٹیم ٹورنامنٹ میں پاکستان کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔ انہوں نے امریکی اسکواڈ میں ہندوستانی اور پاکستانی پس منظر کے حامل کھلاڑیوں کی موجودگی پر زور دیا، جو ممکنہ طور پر مسابقتی برتری کی نشاندہی کرتا ہے۔ ورلڈ کپ 2024 کے لیے تشکیل دیئے گئے امریکی اسکواڈ میں موننک پٹیل امریکی ٹیم کی قیادت کریں گے، جنہیں سوربھ نریش نیتراولکر اور شایان جہانگیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی سپورٹ حاصل ہوگی، جو انڈر 19 کی سطح پر بالترتیب ہندوستان اور پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 
رمیز راجہ نے اپنی بات چیت میں سوال کیا کہ پاکستان ورلڈ کپ کیسے جیتے گا، آپ کے پاس کمبی نیشن نہیں ہے، اوپننگ جوڑی سیٹ نہیں ہے، اچھے بھلے سیٹ بلے باز اچانک اپنی وکٹیں گنوا دیتے ہیں اور مڈل آرڈر ٹھیک کام نہیں کرتا۔ موجودہ صورتحال میں پاکستان سیمی فائنل میں کیسے جائے گا؟" 
انہوں نے مزید کہا کہ "میرے خیال میں امریکی ٹیم پاکستان کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے کیونکہ ان کے پاس ہندوستان اور پاکستان سے تعلق  رکھنے والے کچھ باصلاحیت کرکٹرز کھیل رہے ہیں۔" 
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، امریکا اور کینیڈا شامل ہیں۔ 
دوسری جانب، امریکہ نے آئندہ آئی سی سی مینزٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جو نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر کوری اینڈرسن کی شمولیت کے ساتھ ایک اہم سنگ میل کو ظاہر کرتا ہے۔ اینڈرسن، جو 2015 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی دوڑ میں ایک اہم کھلاڑی تھے، امریکی ٹیم کے لیے انٹرنیشنل لیول کے تجربے کی دولت لاتے ہیں۔ 
موناک پٹیل، ہندوستان میں ماضی کے انڈر 19 کا تجربہ رکھنے والے ہندوستانی نژاد کرکٹر ورلڈ کپ 2024 میں امریکی اسکواڈ کی قیادت کریں گے، جن کی سپورٹ سوربھ نریش نیتراولکر اور شایان جہانگیر جیسے کھلاڑی کریں گے، جنہوں نے بالترتیب انڈر 19 کی سطح پر ہندوستان اور پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور اب ورلڈ کپ کے لیے امریکی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔  
یو ایس اے اسکواڈ: 
مونانک پٹیل (کپتان)، آرون جونز(نائب کپتان)، اینڈریز گوس، کوری اینڈرسن، علی خان، ہرمیت سنگھ، جیسی سنگھ، ملند کمار، نثار پٹیل، نتیش کمار، نوشتش کینجیگے، سوربھ نیتھرالواکر، شاڈلے وان شالک وِک، سٹیون ٹیلر اور شایان جہانگیر۔ 
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا شیڈول: 
6 جون: پاکستان بمقابلہ امریکہ، ڈیلاس۔ 
9 جون: پاکستان بمقابلہ انڈیا، نیویارک۔ 
11 جون: پاکستان بمقابلہ کینیڈا، نیویارک۔ 
16 جون: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ، لاڈر ہل۔