news
English

ورلڈ کپ2024 میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی کیا ہونی چاہیے؟

یہ شاندار ٹورنامنٹ رواں سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والا ہے۔

ورلڈ کپ2024 میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی کیا ہونی چاہیے؟

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کی جانب سے اوپننگ جوڑی کے لیے مجوزہ نام پیش کردیئے۔ سابق کرکٹر کا خیال ہے کہ صائم ایوب کے بجائے محمد رضوان کو بابراعظم کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اوپننگ کرنی چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق  سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کی صلاحیتوں پر شک نہیں کیا جاسکتا، تاہم ان میں اعتماد اور تجربے کی کمی ہے جو انہیں اپنے ملک کیلئے بڑی اننگز کھیلنے سے روک رہی ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے پاکستان کے اوپنرز کا انتخاب کیا ہے جو رواں سال جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔ رمیز راجہ جنہوں نے دو سال تک چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، کا خیال ہے کہ نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام ہونے کے بعد پاکستان کو اپنی اوپننگ جوڑی کو کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ واپس کردینا چاہیے۔ کیونکہ 21 سالہ صائم ایوب پاک نیوزی لینڈ سیریز میں بابراعظم کے ساتھ بطور اوپنر کھیلے لیکن کسی بھی میچ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ بائیں ہاتھ کے جارحانہ بلے باز نے 4 اننگز میں 14.25 کی اوسط اور 129.54 اسٹرائیک ریٹ سے صرف 57 رنز بنائے۔
دوسری جانب بابراعظم اور محمد رضوان نے دو سال سے زیادہ عرصہ ٹیم کے لیے بطور اوپنرز کھیل پیش کیا ہے، اس سے پہلے کہ جب محمد حفیظ کو گزشتہ سال ٹیم ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا تو انہوں نے اس جوڑی کو ختم کر دیا تھا۔ 
رمیز راجہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں کو واپس لایا جائے کیونکہ وہ ایک "آزمایا ہوا" کمبی نیشن ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ جب کہ صائم کی صلاحیتوں پر شک نہیں کیا جاسکتا ان میں اعتماد اور تجربے کی کمی ہے جو انہیں اپنے ملک کے لیے بڑی اننگز کھیلنے سے روک رہی ہے۔ رمیز راجہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ "ہماری اوپننگ جوڑی نہیں چل رہی، وہ پہلے 2 میچوں میں اپنی تکنیک کے ساتھ کھیلتا ہے پھر اگر وہ ناکام ہو جاتا ہے تو تیسرے میچ میں اپنی تکنیک کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے جس سے اس کے لیے چیزیں مزید مشکل ہو جاتی ہیں۔،، 
ان کا کہنا تھا کہ مزید کامیابی کے ساتھ وہ مزید اعتماد حاصل کرے گا۔ بابر بھی اپنے کریئر کے ابتدائی برسوں میں ایسا ہی تھا لیکن اس میں اعتماد اور تجربے کی کمی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے مزید کہا کہ بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی "محفوظ" ہے اور انہیں ورلڈ کپ 2024 میں اسی کے ساتھ جانا چاہیے۔،،
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کو بابر اور رضوان کے ساتھ کھیلنا چاہیے، مجھے لگتا ہے کہ یہ ان کے لیے بہترین موقع ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت اپنے پاس موجود ٹیلنٹ کو بہترین طریقے سے استعمال کرے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "بابر اور رضوان کی اوپننگ ایک محفوظ آپشن ہے یہ ایک آزمایا ہوا کمبی نیشن ہے۔ ابھی تک پاکستان نے ابتدائی دو سے تین اوورز میں دو وکٹیں گنوائی ہیں جو اسکورنگ ریٹ کو بڑھنے نہیں دیتی ہیں، اس لیے میرا خیال ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنی آزمودہ اوپننگ جوڑی کو واپس میدان میں لانا چاہیے۔"