news

بھارت کےخلاف میچ میں آئوٹ آف فارم فخرزمان کوڈراپ کردیں، رمیزراجہ کی تجویز

بلاشبہ فخرزمان ایک بہترین کھلاڑی اور ریڈیکل ہٹر ہے تاہم، جب ایسا کھلاڑی فارم سے باہر ہو جاتا ہے تو اسے خطرے کی گھنٹی سمجھنا چاہیے،کمنٹیٹر

بھارت کےخلاف میچ میں آئوٹ آف فارم فخرزمان کوڈراپ کردیں، رمیزراجہ کی تجویز

سابق کرکٹررمیز راجہ نے پی سی بی کو مشورہ دیا ہے کہ ٹیم کے مفاد میں اچھا ہوگا کہ آئوٹ آف فارم اوپنر کو بھارت کے خلاف ہونے والے میچ سے باہر کردیں، افغانستان کے خلاف ان کی ناقص کارکردگی دیکھتے ہوئے انہیں بھارت کے خلاف کھلانا خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا۔
سابق کرکٹر رمیز راجہ نے بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ممکنہ طور پر کمزور ترین کڑی کی نشاندہی کی ہے، اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ بلاشبہ فخرزمان ایک بہترین کھلاڑی اور ریڈیکل ہٹر ہے۔ تاہم، جب ایسا کھلاڑی فارم سے باہر ہو جاتا ہے تو اسے خطرے کی گھنٹی سمجھنا چاہیے۔ 
رمیز راجا نے کہا کہ "فخر زمان کا بڑا مسئلہ ہے، وہ ایک غیر روایتی ہٹر ہے لیکن جب کوئی ایسا کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہو جاتا ہے تو ڈرائنگ بورڈ پر حل تلاش کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ وہ اگرچہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور لیگ سائیڈ پر کھیلتا ہے، کسی نہ کسی طرح وہ اس کے ساتھ ایڈجسٹ ہوتا ہے اور اسکور کرتا ہے"۔
رمیزراجہ نے تجویز دی کہ یہ فخر زمان کے ساتھ ساتھ ٹیم کے بھی بہترین مفاد میں ہوگا کہ وہ انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے آئندہ میچ سے باہر کردیں کیونکہ، افغانستان کے خلاف ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے، انہیں بھارت کے خلاف کھلانا خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا۔ 
رمیز راجہ نے کہا کہ "فخر نے افغانستان کے خلاف تین میچ کھیلے اور اپنی فارم واپس نہیں لاسکے، ان کی باڈی لینگویج بھی تکلیف دہ ہے، پاکستان کو ایک ان فارم اوپنر کی ضرورت ہے،اگر امام الحق بھی جلدی آؤٹ ہو جائیں تو اس سے دباؤ پیدا ہوتا ہے۔ پاکستان کو فخر کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، انہیں آرام کرنا چاہیے، اسے سائیڈ لائن کرنا اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی بہتر ہے، وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے، پاکستان نے اسے مواقع فراہم کیے ہیں، لیکن بھارت کے خلاف اپنی حالیہ فارم میں اسے موقع نہیں دینا چاہئے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت 2 ستمبر کو کینڈی میں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ بابر کی زیرقیادت ٹیم منگل کے روز نیپال کو شکست دے کر اپنی ایشیاء کپ مہم کا آغاز کر چکی ہے، بھارت اپنا پہلا میچ ہفتہ کو روایتی حریف پاکستان  کے خلاف کھیلے گا۔