میکسویل نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری کرکے تاریخ رقم کردی
بالی ووڈ کے معروف اداکار رندیپ ہودا نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے خلاف دھواں دھار اننگز کھیلنے والے آسٹریلوی آل راوْنڈر گلین میکسویل کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔
رندیپ ہودا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر گلین میکسویل کی افغانستان کے خلاف زبردست اننگز کی چند تصاویر پوسٹ کیں۔
اداکار نے اپنی پوسٹ میں گلین میکسویل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “میکسی! یہ مکمل طور پر ایک ون مین شو تھا”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “آپ کی اننگز سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کے بعد اب تک کی سب سےشانداز ون ڈے اننگز میں سے ایک ہے”۔
یاد رہے کہ 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن 100 رنز سے پہلے ہی ڈگمگا گئی تھی اور اُس مشکل وقت میں بھارتی لیجنڈری کرکٹر کپل دیو نے اپنی ٹیم کو بچانے کے لیے 138 گیندوں پر 175 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی جس میں 16 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
دوسری جانب گزشتہ روز ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میکسویل کی 128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گلین میکسویل کی 201 رنز کی جارحانہ اننگز میں 10 چھکے اور 21 چوکے شامل تھے، اس ناقابلِ یقین اننگز کی بدولت وہ آسٹریلیا کی جانب سے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بھی بن چکے ہیں۔