news
English

’کمزور‘ ٹیم سے سیریز، پاکستان میں غصہ بڑھنے لگا

اگر ہم اہم پلیئرزکومنتخب نہ کرتے توکیا جنوبی افریقہ مقابلہ کرتا ؟سابق قائد

’کمزور‘ ٹیم سے سیریز، پاکستان میں غصہ بڑھنے لگا فوٹو: اے ایف پی

’کمزور‘ پروٹیز سے سیریز پر پاکستان میں غصہ بڑھنے لگا جب کہ سابق کپتان راشد لطیف نے اسٹارز سے عاری میزبان ٹیم سے مقابلوں پر سوال اٹھا دیا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان سے ٹی 20 سیریز کیلیے اپنے ٹاپ اسٹارز کو منتخب نہیں کیا،وہ اس دوران آئی پی ایل کھیل کر ڈالرز کمائیں گے، بورڈ نے بھارت کے ساتھ پلیئرز کو جلد ریلیز کرنے کے معاہدے کی رو سے کاگیسو ربادا، کوئنٹین ڈی کک، لونگی نگیڈی، ڈیوڈ ملر اور اینرچ نورکیاکوٹوئنٹی 20  سیریز میں منتخب ہی نہیں کیا جس کی وجہ سے پاکستان میں اس حوالے سے غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے اس حوالے سے کہا کہ کرکٹ جنوبی  افریقہ حساب کتاب میں بہت اچھا  اور اسے معلوم ہے کہ ون ڈے میچز ورلڈ کپ 2023 کی کوالیفکیشن میں اہم حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے مکمل قوت کے ساتھ میدان سنبھالنے کا فیصلہ کیا مگر ٹی 20 سیریز کے دوران  ربادا، ملر، ڈی کک، نگیڈی اور نورکیا آئی پی ایل کھیلنے چلے جائیں گے، اگر پاکستان نے اپنے 5  اہم کھلاڑیوں کو باہر بٹھایا ہوتا تو کیا پروٹیز پھر بھی ہم سے کھیلتے؟ پھر ہم ان کے ساتھ کیوں کھیل رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہاکہ پروٹیز کبھی کمزور سائیڈ کے خلاف نہ کھیلتے، جب بورڈز نے اس سیریز کا فیصلہ کیا تب ہی یہ بات بھی طے ہوئی ہوگی کہ دونوں اپنی مضبوط ٹیمیں میدان میں اتاریں گے، آپ کمزور سائیڈز کو میدان میں اتار کر براڈ کاسٹرز کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

یاد رہے کہ خود جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے بھی پاکستان سے ٹی 20  سیریز میں اہم پلیئرز کو شامل نہ کیے جانے پر بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔