news
English

عماد وسیم ریٹائرمنٹ واپس لیں، راشد لطیف کا مشورہ  

سب سے اچھے ملکی اسپنر کی بیٹنگ سے بھی ٹیم کو مدد مل سکتی ہے، سابق کپتان۔

عماد وسیم ریٹائرمنٹ واپس لیں، راشد لطیف کا مشورہ  

قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔ 
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں راشد لطیف نے کہا کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہیے، وہ پاکستان کے سب سے اچھے اسپنر ہیں، ان کی بیٹنگ سے بھی قومی ٹیم کو بہت مدد مل سکتی ہے۔  
آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ کا ذکر کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ اگر ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہوگا تو اس میں عماد وسیم کا نہیں ملک کا نقصان ہے۔  
راشد لطیف نے ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں چاہیے عماد وسیم کو واپس لے کر آئیں، سابق کپتان نے مشورہ دیا کہ اگر آل راؤنڈر کو لیگز کھیلنی ہیں تو سینٹرل کنٹریکٹ سے علیحدگی اختیار کرلیں لیکن پاکستانی ٹیم کے لیے اپنے آپ کو دستیاب رکھیں۔ 
یاد رہے کہ آل رائونڈر عماد وسیم نے جمعے کو اچانک ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب اگلی مصروفیات پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں، آل راؤنڈر بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 میں شرکت کے مضبوط امیدوار سمجھے جارہے تھے مگر ان کو نظر انداز کردیا گیا، میگا ایونٹ کے دوران انھوں نے ٹی وی چینل پر تبصروں کی صورت میں متبادل مصروفیت تلاش کرلی۔ 
سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے عماد وسیم نے لیگز میں شرکت کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی مگر آل راؤنڈ صلاحیتوں کی وجہ سے کئی فرنچائزز ان کی خدمات حاصل کرنے کی خواہاں ہوتی ہیں۔