news
English

پاکستان کی شکست حکمت عملی کی غلطی کی وجہ سے تھی، راشدلطیف

ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کو صرف چار اور اوورز اسی رن ریٹ سے کھیلنے ہیں اور ہم کھیل میں رہیں گےمگربدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا، سابق کپتان

پاکستان کی شکست حکمت عملی کی غلطی کی وجہ سے تھی، راشدلطیف

قومی ٹ۸یم کے سابق کپتان راشد لطیف نے انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی دوسرے ٹی 20  شکست کو حکمت عملی کی غلطی قرار دے دیا۔  
پاکستانی ٹیم جو 184 رنز کا ہدف تعاقب کر رہی تھی، 19.2 اوورز میں 160 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس میں فخر زمان نے 21 گیندوں پر 45 رنز بنا کر سب سے زیادہ اسکور کیا۔ تاہم سابق پاکستانی کپتان راشد لطیف نے برمنگھم کے ایجبیسٹن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرےٹی 20 میں پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے دوران ایک اہم غلطی کی نشاندہی کی جس کی وجہ سے گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔ 
راشد لطیف نے بتایا کہ پاکستان 67/2 پر تھا، آٹھ اوورز کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کریز پر موجود تھے۔ انہیں صرف چار مزید اوورز اسی رن ریٹ سے کھیلنے کی ضرورت تھی تاکہ وہ ہدف کی طرف گامزن رہ سکیں۔ تاہم، اوورز 9-12 کے دوران، انہوں نے صرف 25 رنز بنائے، جس کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ 11.5 تک پہنچ گیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ "ہم آٹھ اوورز میں 67/2 پر تھے، فخر زمان اور بابر اعظم کریز پر تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کو صرف چار اور اوورز اسی رن ریٹ سے کھیلنے ہیں اور ہم کھیل میں رہیں گے،مگربدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔"
راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل پر اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ "لیکن مسئلہ اگلے چار اوورز (9، 10، 11 اور 12) میں ہوا، کل 25 رنز بنائے گئے اور مطلوبہ رن ریٹ 11.5 تک پہنچ گیا۔ یہ ایک اہم موڑ تھا، ان اوورز میں رن ریٹ 6.25 تھا،اگر اسی کو برقرار رکھا جاتا تو جیت حاصل ہوسکتی تھی۔"  
راشدلطیف نے ذکر کیا کہ فخر زمان کو اوورز 9 سے 12 کے دوران زیادہ تر گیندیں کھیلنی چاہئیں تھیں کیونکہ وہ اچھی فارم میں تھے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 200 سے زیادہ تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "سب سے اہم بات یہ ہے کہ فخر، جو فارم میں تھے، انہوں نے چار اوورز میں صرف چھ گیندیں کھیلیں جبکہ اعظم خان نے 10، شاداب خان اور افتخار احمد نے 4، 4 گیندیں کھیلیں۔ فخر کو ان اوورز کے دوران اسٹرائیکنگ اینڈ پر ہونا چاہیے تھا۔ چار بلے بازوں نے ان فارم بلے باز کے اوپر 19 گیندیں کھیلیں اور صرف 15 رنز بنائے جس کی وجہ سے میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔"