محمدوسیم کی سلیکشن پرہمارے درمیان کافی اختلافات رہے لیکن ٹیم کی کارکردگی بہترین رہی، سابق کرکٹر کی ٹی وی پروگرام میں بات چیت
قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم کے پیچھے سارا شو کامران مظفر کا تھا۔
حال ہی میں دیے گئے ٹی وی انٹرویو کے دوران راشد لطیف نے محمد وسیم کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ سابق سلیکشن کمیٹی کو دیکھا جائے تو محمد وسیم کی سلیکشن کمیٹی بظاہر ون مین شو تھی لیکن ان کے پیچھے کئی لوگ تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج سلیکشن کمیٹی کے رکن حسن چیمہ جس جگہ پر کام کررہے ہیں سابق سلیکشن کمیٹی میں یہی عہدہ کامران مظفر کے پاس تھا لیکن انہیں کبھی سامنے نہیں آنے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ محمد وسیم کی سلیکشن جیسی پوری صورتحال کے پیچھے ایک دماغ تھا اور ہم جانتے ہیں کہ اس حوالے سے وسیم بہت جینئس انسان ہیں، ظاہری طور پر وسیم نظر آتا تھا لیکن سارا شو کامران مظفر کا تھا، اس دور میں محمد وسیم کی سلیکشن پر ہمارا کافی اختلاف رہا لیکن ٹیم کی کاکردگی دیکھیں تو وہ کامیاب رہی۔
واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے دسمبر 2022 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کا چارج سنبھالنے کے بعد محمدوسیم کو پاکستان مینز ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔