عبدالرزاق نے بابر اعظم کی طرف انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب عبداللہ شفیق کریز پر تھے تو انہوں نے جارحانہ انداز میں کھیلا لیکن جب بابر بیٹنگ کے لیے آئے تو عبداللہ کی بیٹنگ اپروچ میں نمایاں تبدیلی آئی۔
قومی ٹیم کے سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پر عبداللہ شفیق کے 'جارحانہ' بیٹنگ اسٹائل کو متاثر کرنے کا الزام عائد کردیا۔
عبدالرزاق نے بابراعظم کی طرف انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب عبداللہ شفیق کریز پر تھے تو انہوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی مگر جب بابر بیٹنگ کے لیے آئے تو عبداللہ کی بیٹنگ اپروچ میں نمایاں تبدیلی نظر آئی۔ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ کپتان بابر کے کریز پر آتے ہی عبداللہ شفیق نے شاٹس روک کر محتاط انداز میں کھیلنا شروع کردیا،جس کا مطلب ہے کہ انہیں اس قسم کی ہدایات ملی ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست کے بعد سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کپتان بابراعظم کی کپتانی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔
مقامی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق آل رائونڈر نے کہا کہ افغانستان کے ہاتھوں ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار شکست پر سب ہی افسردہ ہیں، ہم نے دیکھا کہ جب عبداللہ شفیق کھیل رہے تھے تو وہ جارحانہ انداز میں بلے بازی کر رہے تھے، مگر جیسے ہی امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم بیٹنگ کے لیے آئے تو عبداللہ شفیق نے شاٹس روک کر محتاط انداز اپنالیا۔
سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ 'اس سے ظاہرہوتا ہے کہ انہیں کہیں سے ہدایات مل رہی تھیں کہ شاٹس نہیں مارنی۔،،
انہوں نے کہا کہ 'جس گیند پر عبداللہ شفیق آؤٹ ہوئے وہ ایسی گیند نہیں تھی، اس وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے انہیں کھیلنا ہی نہیں آتا، اس کا مطلب ہے کہ جب کپتان کریز پر ہے تو انہیں ہدایات ملتی ہیں کہ ایسے کھیلنا ہے'۔
عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ 'جب کپتان کریز پر ہوتا ہے تو سب کھلاڑیوں کا اسٹرائیک ریٹ دیکھیں، 77 یا 80 سے بڑھتا ہی نہیں، تو ایسے کرکٹ نہیں کھیلی جاتی'۔
ان کا کہنا تھاکہ 'افغانستان جیسی ٹیم کے خلاف 350 کا ہدف دینا چاہیے تھا، اگر لوگ کہتے ہیں کہ بابراعظم کو کپتانی نہیں آتی تو منیجمنٹ میں بیٹھے لوگ کیا کررہے ہیں؟
یاد رہے کہ چنئی میں پیر کے روز ہونے والے ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 283 رنز کا ہدف دیا تھا جسے افغان ٹیم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔