news
English

بابراعظم کا متبادل کون؟ عبدالرزاق نے کپتانی کے لیے3 نام بتادیے

اگر آپ ٹیسٹ کپتان تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو سرفراز احمد، محمد رضوان اور شان مسعود اچھے آپشن ہیں، عبدالرزاق

بابراعظم کا متبادل کون؟ عبدالرزاق نے کپتانی کے لیے3 نام بتادیے

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بابراعظم کے متبادل گرین شرٹس کے کپتان کے لئے تین نام پیش کردیے۔ 
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ اگر آپ ٹیسٹ کپتان تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو سرفراز احمد، محمد رضوان اور شان مسعود اچھے آپشن ہیں۔ کپتان کو صرف ایک اچھا کرکٹر ہی نہیں اچھا انسان بھی ہونا چاہیے۔ ان تینوں میں یہ خوبیاں ہیں اور وہ کھلاڑیوں کو ساتھ لیکر چلنا جانتے ہیں۔ 
یاد رہے کہ بابراعظم کو نومبر 2020 میں اظہر علی کی جگہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم جبکہ اسی سال مئی میں ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ 2019 میں انہیں ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سونپی گئی تھی۔ وہ تقریباً تین سال سے تینوں فارمیٹس کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔ 
بابراعظم 20 ٹیسٹ میچز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں جس میں سے پاکستان کو 10 میچز میں فتح اور 6 میں شکست ہوئی جبکہ چار میچ بے نتیجہ رہے۔ 
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کو اپنے گزشتہ چار میچز میں مسلسل شکستوں کا سامنا ہے جبکہ اس سے قبل پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں بھی جگہ نہیں بناسکا تھا جس پر بابراعظم کی ناقص کپتانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ بابراعظم پاکستان ٹیم کے نمایاں اسکورر ہیں اور عالمی رینکنگ میں تینوں طرز کی کرکٹ میں بہترین اسکور کرنے والے سرِ فہرست پانچ بلے بازوں میں شامل ہیں۔