news
English

ورلڈکپ: عبدالرزاق نے بھی اپنی ٹاپ4 ٹیموں کے نام کا اعلان کردیا

عبدالرزاق نے شاہین آفریدی کو مشورہ دیا کہ وہ پرانی گیند کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے ورائٹی پیش کرنے کی کوشش کریں۔

ورلڈکپ: عبدالرزاق نے بھی اپنی ٹاپ4 ٹیموں کے نام کا اعلان کردیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ورلڈکپ 2023 کیلئے اپنی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے نام کا اعلان کردیا۔ سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچنے والی ممکنہ ٹیمیں منتخب کی ہیں۔ 
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ وہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بھارت کو فائنل فور کے لیے کوالیفائی کرتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ 
اس سے قبل گزشتہ روز سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور عماد وسیم نے بھی اپنی ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا ذکر کیا تھا جس میں دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان سمیت انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کو ٹاپ فور میں شامل کیا تھا۔ 
سابق کرکٹر محمد عامر کا کہنا تھا کہ “پہلے میں نے نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں جانے کی پیشگوئی کی تھی لیکن اب میں اس کے بجائے پاکستان کے ساتھ جاؤں گا کیونکہ ان پر کوئی دباؤ نہیں ہے، جب بھی لوگ پاکستان کو دبائو میں لاتے ہیں تو وہ کچھ مختلف کرنے کا رجحان رکھتے ہیں”۔ 
محمد عامر نے ٹیم میں شاہین آفریدی کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی، خاص طور پر ابتدائی وکٹیں لینے کے حوالے سے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شاہین کا گیند کے ساتھ ٹون ترتیب دینا پاکستان کی کامیابی کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں بولر کی کامیابیوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کی طرح ٹیم میں شاہین کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ اگر وہ گیند کے ساتھ ٹون سیٹ نہیں کرتے تو پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ابتدائی چند اوورز میں وکٹیں لیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو عامر نے کہا کہ ان کے لیے وکٹ حاصل کرنا ایک مسئلہ ہو سکتا ہے۔ 
دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان رواں سال آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت کو شکست سے دوچار کرے گا۔