قومی ٹیم کےوکٹ کیپربلے بازسرفراز احمد کا کہنا ہےکہ میرے اور بابراعظم کے تعلقات بہت اچھے ہیں،ان کی قیادت میں ہرطرح کے فارمیٹ میں کھیلنے کوتیار ہوں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میرے اور بابر اعظم کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں، ہمارےتعلقات بہت اچھے ہیں۔
کراچی میں نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں بابر اعظم سمیت تمام پلیئرز کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر ہر فارمیٹ کھیلنے کے لیے تیار رہتا ہے، میری کوشش یہی ہے کہ اپنے آپ کو فٹ رکھوں اور جس فارمیٹ میں بھی موقع ملے وہاں پرفارم کروں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میرا دل بہت چاہ رہا تھا کہ ٹیپ بال کرکٹ کھیلوں مگر یہاں کی پلیئنگ کنڈیشن مختلف ہے، ہم نے سڑکوں اور سیمنٹ وکٹوں پر کرکٹ کھیلی ہے۔
سابق کپتان نے کہا خوشی ہے کہ کراچی سے شروع ہونے والی ٹیپ بال کرکٹ اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے، پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیموں کے کھیلنے سے فیسٹیول کی رونق بڑھ گئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ یو ایس میں ہارڈ بال اور ٹیپ بال کرکٹ کا رجحان کافی حد تک بڑھ گیا ہے، مختلف لیگز کھیلی جا رہی ہیں جس میں پاکستانی کرکٹرز کا بڑی تعداد میں حصہ لینا بہت خوش آئند ہے۔
سرفراز احمد نے کیلیفورنیا کپ میں شوبز کرکٹ ٹیم کے مینٹور کے طور پر شرکت کی تھی جبکہ شوبز کرکٹ ٹیم نے ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔