news
English

وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی برطرفی کی وجہ سامنے آگئی

کوچز کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں شاہین شاہ آفریدی کی غیر سنجیدگی کا بھی ذکر کیا گیا۔

وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی برطرفی کی وجہ سامنے آگئی

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی چھٹی کیوں ہوئی؟ وجہ سامنے آ گئی۔۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کردیاتھا، 7 رکنی کمیٹی سے صرف ان دو ممبران کی چھٹی کیوں کی گئی، اس کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹیم میں بڑی سرجری کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے انہوں نے کوچزاورسابق کرکٹرزسے بھی ملاقات اور مشاورت کی تھی۔ 
اس سرجری پر پہلا عملدرآمد سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کیے جانے کی صورت میں سامنے آیا، مگر کئی لوگ تجسس رکھتے ہیں کہ سات رکنی سلیکشن کمیٹی میں سے صرف دو لوگوں کو ہی کیوں فارغ کیا گیا۔ تاہم اب اس کی اہم وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے کھلاڑیوں کو غیر ضروری طور پر سپورٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی کا حالیہ ٹورز پر منیجمنٹ کے ساتھ رویہ خراب رہا لیکن منیجرز نے فاسٹ بولر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اس بات کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہے کہ شاہین آفریدی کے خلاف کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا جب کہ ٹیم میں لابی بنانے والے کھلاڑیوں کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہے۔ 
کوچز نے ورلڈ کپ کے بعد چیئرمین پی سی بی کو جو رپورٹ پیش کی اس میں کئی کھلاڑیوں کے رویے کو غیرسنجیدہ قراردیا گیا اور کوچز نے محسن نقوی کو تمام صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ 
ذرائع کے مطابق کوچز نے چیئرمین سے میٹنگ میں ٹیم میں بننے والی لابیوں کا بھی تذکرہ کیا اور کھلاڑیوں کے غیر ملکی ٹورز پر فیملیز کو ساتھ لے جانے اور کھیل پر فوکس کرنے کے بجائے دیگر مصروفیات پر بھی بات چیت کی گئی۔