news
English

بین اسٹوکس کی ریکارڈسازاننگز، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کوتیسرے ون ڈےمیں شکست دےدی

اپنی شاندار اننگز کی بدولت بین اسٹوکس انگلینڈ کی طرف سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔ 

بین اسٹوکس کی ریکارڈسازاننگز، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کوتیسرے ون ڈےمیں شکست دےدی

انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز بین اسٹوکس کی 182 رنز کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں 181 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 181 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 2-1کی برتری حاصل کرلی، انگلش ٹیم کے 369 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 39 اوورز میں محض 187 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، انگینڈ کے مایہ ناز آل رائونڈر بین اسٹوکس نے 182 رنز کی تاریخ ساز اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملان نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے 5 وکٹیں حاصل کیں، بین اسٹوکس کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دا میچ قرار دیا گیا۔ 
بدھ کے روز کنگسٹن اوول لندن میں کھیلے گئے چار ون ڈیز پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین اسٹوکس کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 368 رنز کا بڑا اسکور بنالیا، بین اسٹوکس نے 124 گیندوں پر 182 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے، اس شاندار اننگز کی بدولت وہ انگلینڈ کی طرف سے ون ڈے میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ 
اوپننگ بیٹر ڈیوڈ ملان 96 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔ کیوی فاسٹ بائولر ٹرینٹ بولٹ نے 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بین لسٹر نے 3، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کے 369 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم 39 اوورز میں 187رنز پر آئوٹ ہوگئی، گلین فلپس نے 76 گیندوں پر 72 رنز کی اننگز کھیلی، راچن رویندرا 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کیوی بیٹر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ انگلش بولر کرس ووکس اور لیام لیونگ اسٹون نے 3,3 ، ریس ٹوپلے نے 2 جبکہ سیم کرن اور معین علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔