گذشتہ روز دوسرے ٹی 20 میں 8 وکٹ سے کامیابی پاکستان کی زمبابوے پر لگاتار 13 ویں فتح شمار ہوئی،
کراچی: ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ مسلسل فتوحات کا ریکارڈ پاکستان کے نام ہوگیا۔
گذشتہ روز دوسرے ٹی 20 میں 8 وکٹ سے کامیابی پاکستان کی زمبابوے پر لگاتار 13 ویں فتح شمار ہوئی، اس سے قبل افغانستان نے آئرلینڈ کو مسلسل 12 مرتبہ زیر کیا تھا، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان زمبابوے پر 8، 8 لگاتار فتوحات حاصل کرچکے ہیں۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو ہرا دیا یوں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی 20 سیریز بھی پاکستان کے نام ہوگئی۔
پاکستان نے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی، قومی ٹیم نے 135 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں حاصل کیا، پاکستان کی طرف سے حیدر علی 66 جب کہ بابر اعظم 51 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیریز کا آخری میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔