پی سی بی کے تحفظات پر اے سی سی نے ریزرو ڈے کی منظوری دے دی۔
ایشیاءکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سُپر فور مقابلے کے لئے پلینگ کنڈیشنز میں بڑی تبدیلی کردی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے کے شیڈول میچ کیلئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے پلینگ کنڈیشنز میں تبدیلی کرتے ہوئے ریزرو ڈے رکھ دیا۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 10 ستمبر کو ناک آؤٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اگر بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو اگلے دن 11 ستمبر کو میچ وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں رکا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے بار بار تحفظات ظاہر کرنے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ریزرو ڈے کی منظوری دی۔
دوسری جانب اگر میچ دوسرے روز تک گیا تو دونوں ٹیموں کو بیک ٹو بیک 2 میچز کھیلنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا پہلا گروپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔