news
English

رکی پونٹنگ کی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے ٹاپ پرفارمرزکی پیشگوئی

جسپریت بھمراہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہوں گے، پونٹنگ کی پیشگوئی

رکی پونٹنگ کی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے ٹاپ پرفارمرزکی پیشگوئی

سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نےٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ٹاپ پرفارمرز کے بارے میں پیش گوئی کردی۔ آئی سی سی کے میگا ٹورنامنٹ کا آغاز 1 جون سے ہوگا جس میں میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے اگلے ماہ سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے ٹاپ پرفارمرز کی پیش گوئی کی ہے۔ 
دی آئی سی سی ریویو سے بات چیت کرتے ہوئے، رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کے پیسر جسپریت بھمراہ کو سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کو ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر چُنا۔ پونٹنگ نے کہا کہ "میرے خیال میں ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی جسپریت بھمراہ ہوں گے، اورمیں سمجھتا ہوں کہ وہ کئی سالوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ حال ہی میں ایک شاندار آئی پی ایل سے فارغ ہوئے ہیں۔ وہ نئی گیند کے ساتھ کیا کر سکتے ہیں، وہ نئی گیند کو سوئنگ کراتے ہیں، اس کا سیم اپ ہوتا ہے۔ لیکن آخر میں، آئی پی ایل کے آخر میں ان کی اکانومی ریٹ سات رنز فی اوور سے کم تھی۔ جس کی وجہ سے مجھے لگتا ہے کہ وہ وکٹیں لیتے ہیں۔ وہ بہت سے مشکل اوور بھی کراتے ہیں۔ جب آپ ٹی 20 کرکٹ میں مشکل اوورز کراتے ہیں، تو اس سے آپ کو بہت ساری وکٹیں حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ تو، میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں۔" 
دوسری جانب، سابق کپتان نے آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ کو ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ "میرے خیال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کی پیش گوئی کے مطابق ٹریوس ہیڈ ہوں گے،میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا ہے، چاہے وہ ریڈ بال ہو یا وائٹ بال، پچھلے چند سالوں میں، وہ اعلیٰ معیار کا رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ اس وقت نڈر اور جارحانہ کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے مجھے یقین کے کہ وہ ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی شاندار پرفارمنس دیں گے۔"  
آئی سی سی کے میگا ٹورنامنٹ کا آغاز 1 جون کو میزبان امریکہ اور کینیڈا کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ دوسرے دن گروپ کے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز پاپوا نیوگنی کے خلاف گیانا میں اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔ 
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کا شیڈول: 
- 6 جون: پاکستان بمقابلہ امریکہ، ڈلاس۔
- 9 جون: پاکستان بمقابلہ بھارت، نیویارک۔
- 11 جون: پاکستان بمقابلہ کینیڈا، نیویارک۔
- 16 جون: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ، لاڈر ہل۔ 
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپس: 
- گروپ اے: بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکہ۔
- گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، عمان۔
- گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا، پاپوا نیوگنی۔
- گروپ ڈی: جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، نیپال۔