برسبین ٹیسٹ میں محمد رضوان کو نوبال پر آؤٹ دینے والے امپائر مائیکل گف کیخلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا
لاہور: برسبین ٹیسٹ میں محمد رضوان کو نوبال پر آؤٹ دینے والے امپائر مائیکل گف کیخلاف تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا جب کہ شین وارن، ایڈم گلکرسٹ، بریٹ لی، مکی آرتھر اور مبصرین کی بڑی تعداد نے انوکھے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
سنچری سے قبل ہی 5وکٹیں گنوانے والی پاکستانی ٹیم کو محمد رضوان نے سہارا دیتے ہوئے کینگروز پر جوابی حملے کیے،گرین شرٹس بہتر ٹوٹل کیلیے امیدوں کے چراغ روشن کیے ہوئے تھے کہ پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پین نے وکٹ کیپر بیٹسمین کا کیچ تھام لیا، تھرڈ امپائر نے ایکشن ری پلے چیک کیا تو اس میں صاف نظر آرہا تھا کہ بولر کا پاؤں کریز سے باہر ہے،اس کے باوجود گیند کو قانونی قرار دیتے ہوئے محمد رضوان کو رخصتی کا پروانہ جاری کردیا گیا،متنازع فیصلے کی وجہ سے مہمان ٹیم کی پوزیشن خراب ہوئی۔
اس حوالے سے سابق آسٹریلوی اسٹار شین وارن نے کہاکہ واضح طور پرکمننز کے پاؤں کا کوئی حصہ کریز کے اندر نہیں تھا۔ میں نے زندگی میں کبھی ایسا ہوتے نہیں دیکھا، یہ فیصلہ کسی طور پر قابل قبول نہیں۔
سابق پیسر بریٹ لی نے فرش پر ایک سفید پٹی اور اس پر اپنا پاؤں رکھ کر تصویر بنواتے ہوئے کہا کہ کیا یہ نوبال نہیں،اسی طرح کی حیرت کا اظہار ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے بھی کیا۔
بطور ٹی وی مبصرکام کرنے والے پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ کبھی امپائرز کو بھی نظر کا دھوکا ہوجاتا ہے لیکن محمد رضوان کو جس نوبال پر آؤٹ دیا گیا اس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں تھی۔