نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے بابر اعظم سے چھٹی پوزیشن چھین لی۔
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے بابر اعظم سے چھٹی پوزیشن چھین لی جبکہ محمد رضوان اور عامر جمال کی ترقی ہوئی ہے۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان 8ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی ٹاپ 20 میں انٹری ہوئی ہے، عامر جمال نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 12 درجے ترقی حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی شاندار کارکردگی نے انہیں بلے بازوں کی تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے سنچورین میں 38 اور 76 رنز بنائے، اس کے بعد کیپ ٹاؤن میں فیصلہ کن معرکے میں 46 رنز کی اہم وننگ اننگز کھیلی۔
رینکنگ میں اس اضافے نے ویرات کوہلی کو 775 پوائنٹس تک پہنچا دیا ہے، انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا جو آسٹریلیا کے خلاف چھ اننگز میں صرف 126 رنز بناسکے، اس ناکام کارکردگی کے بعد سابق کپتان 768 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹرمحمد رضوان کی سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 88 رنز کی شاندار اننگز ان کے لیے 10 درجے کی نمایاں چھلانگ کا باعث بنی، 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14ویں نمبر پر چلے گئے۔ مارنس لیبوشین کے 60 اور 62 ناٹ آئوٹ کے اسکور نے دائیں ہاتھ کے کھلاڑی کو تین درجے چھلانگ لگا کر چوتھی پوزیشن پر تک پہنچنے میں مدد کی، ان کے پوائنٹس 802 ہوگئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 864 پوائنٹس کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں، اس کے بعد جوروٹ 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں عامر جمال نے اپنی ڈیبیو سیریز میں شاندار تاثر قائم کیا۔ سڈنی ٹیسٹ میں ان کی زبردست چھ وکٹیں انہیں رینکنگ میں 12 درجے اوپر لے گئیں، جس سے وہ 432 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود پاکستانی بولر ہیں جب کہ بھارت کے روی چندرن ایشون 863 پوائنٹس کے ساتھ بولنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔