شاہین آفریدی نے رضوان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ٹی 20 کرکٹ کا بریڈمین" قراردیا۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پاکستانی ٹیم کو متحد کرنے کا کریڈٹ شاہین آفریدی کو دے دیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کو ٹی20 کرکٹ کا بریڈ مین قرار دے دیا۔ اپنے پیغام میں شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز میں شاندار کامیابیوں پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں محمد رضوان اور نسیم شاہ کو مبارکباد دی۔
تیز ترین 3ہزار رنز بنانے کے انٹرنیشنل ریکارڈ میں ویرات کوہلی اور بابراعظم کو پیچھے چھوڑنے والے وکٹ کیپر بیٹر کے بارے میں سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے سپرمین نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا، ان کی پرفارمنس کے اثرات سے کھیل کا انداز بدلا، اپنی اڑان جاری رکھیں، رضوان ایک چیمپئن اور دوسروں کے لیے مثال ہیں۔،،
اس کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ میری کامیابی کا اس انداز میں جشن منانے اور پاکستانی ٹیم کے اسٹارز کو یکجا رکھنے کا شکریہ، میں اپنے ساتھی کرکٹرز اور پرستاروں کا بے حد شکرگزار ہوں۔،،
دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تیسرے ٹی 20 کے دوران اپنی 100 ویں بین الاقوامی وکٹ لے کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا، جبکہ رضوان دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران 3000 رنز بنانے والے تیز ترین بلے باز بن گئے۔