news
English

کولمبو ٹیسٹ: سرفراز احمد ہیلمٹ پر گیند لگنے سے ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوگئے

وکٹ کیپر بلے بازمحمد رضوان کو متبادل کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا گیا

کولمبو ٹیسٹ: سرفراز احمد ہیلمٹ پر گیند لگنے سے ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوگئے

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کولمبو ٹیسٹ میں بیٹنگ کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوگئے۔ 
کولمبو میں کھیلے جارہے پاکستان اور سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد بیٹنگ کیلئے آئے تو فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو نے باؤنسر کیا جو ان کے سر پرلگا، جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔

کرکٹ اس وقت دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں شمار ہو رہا ہے اور دن بہ دن اس میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے حالانکہ میدان میں کئی بار ایسے حادثات پیش آتے ہیں جو کھلاڑیوں میں ایک خوف کا احساس پیدا کر دیتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ کے دوران دیکھا گیا۔ کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے دوران وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر تیز گیندباز اسیتھا فرنانڈو کی گیند لگی۔ یہ 81واں اوور تھا، لیکن فیزیو کی رسمی جانچ کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہو گیا تاہم 86ویں اوور میں اچانک سرفراز احمد کو چکر آنے کا احساس ہوا اور فزیو کو ایک بار پھر میدان میں آنا پڑا۔ کچھ دیر تک انھوں نے سرفراز کو دیکھا اور کچھ بات چیت کی۔ اس دوران فزیو نے محسوس کیا کہ معاملہ اتنا معمولی نہیں ہے جتنا کہ دیکھنے میں لگ رہا ہے۔ یعنی سرفراز کو تفصیلی جانچ کرانی ہوگی۔ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فزیو سرفراز کو لے کر میدان سے باہر چلے گئے۔ جس کے بعد سرفراز احمد کو ریٹائرڈ ہرٹ قرار دے دیا گیا۔ اس وقت وہ 22 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ 
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسیتھا فرنانڈو کی جس گیند پر سرفراز کے سر میں چوٹ لگی تھی، وہ ہیلمٹ سے ٹکرا کر باؤنڈری پار چلی گئی تھی،یعنی لیگ بائی کے 4 رنز پاکستان کو حاصل ہوئے۔ اس کے بعد تقریباً 5 اوورز تک تو سرفراز میدان میں ڈٹے رہے، لیکن اس کے بعد ان کے رویہ سے ایسا لگا جیسے کہ ان کی آنکھوں کے سامنے تاریکی چھا رہی ہے۔ ہیلمٹ پر گیند لگنے سے سرفراز کو چوٹ ان کے سر کے پچھلے حصے میں لگی ہے۔ علاج کے لیے وہ میدان سے باہر جا چکے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ معاملہ زیادہ سنگین نہ ہو۔ 
دوسری جانب میچ ریفری ڈیوڈ بون نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر محمد رضوان کو سرفراز احمد کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ 

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 200 سے زائد رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ میزبان ٹیم پہلی اننگز میں محض 166 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔