news
English

ٹیم میں سرجری کی ضرورت ہے، کے بیان پر محمد رضوان کا ردعمل

جب کوئی بیمار ہوتا ہے تو آپریشن بھی ہوتا ہے اور سرجری بھی، وکٹ کیپر بیٹر کابیان۔

ٹیم میں سرجری کی ضرورت ہے، کے بیان پر محمد رضوان کا ردعمل

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ٹیم میں سرجری کے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کردیا۔ 
انٹرنیشنل اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا کہ ناکامی پر یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ بالنگ، بیٹنگ یا فیلڈنگ میں کمی تھی ہر ورلڈکپ اور ٹورنامنٹ کے بعد ٹیم کا جائزہ لیا جاتا ہے اور پھر جب کوئی بیمار ہوتا ہے تو آپریشن بھی ہوتا ہے ٹیم میں سرجری کی باتیں نئی نہیں، ریویو کے بعد بہتری کے لئے فیصلے بھی ہوتے ہیں۔،، 
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ قوم مایوس ہے اور جن کو امیدیں ہوتی ہیں انھیں درد بھی بہت ہوتا ہے لیکن واپسی پر ہم نے دیکھا کہ قوم ہم سے پیار کرتی ہے۔،، 
انہوں نے کہا کہ ابھی کھلاڑی بنگلہ دیش کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے لیے تیاری کررہے ہیں، کراچی میں کیمپ چل رہا ہے جب ٹیم ہارتی ہے تو کوئی ایک وجہ نہیں ہوتی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا مطلب ہے کہ بہت سی کمزوریاں ہوتی ہیں ہم پر جو تنقید ہورہی ہے، ہم اس کے حقدار ہیں، ہم یہ نہیں کہتے کہ سارے غلط کہہ رہے ہیں۔،،  

کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو بابراعظم ہی ہمارے کپتان ہیں، آگے کا علم نہیں۔،،