news
English

روحیل نذیردورہ آسٹریلیا میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے

پاکستان شاہینز8 اور 9 اگست کو پی این جی اور این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 50 اوور کے دو میچ بھی کھیلیں گے۔

روحیل نذیردورہ آسٹریلیا میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا۔ 
پاکستان شاہینز آسٹریلیا میں ہونے والے 6 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ دلچسپ ایونٹ 30 جولائی سے شروع ہو گا۔
پی سی بی نے وکٹ کیپر بلے باز روحیل نذیر کو آسٹریلیا میں ہونے والی ہائی اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے محمد حارث کی جگہ پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کیا ہے۔ روحیل نذیر 33 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں اور اس سے قبل بھی پاکستان شاہینز کی کپتانی کر چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں زمبابوے کا دورہ کیا جہاں شاہینز کے دستے نے مئی میں دو 4 روزہ اور چھ 50 اوورز کے میچ کھیلے۔
آسٹریلیا میں ہونے والے 6 ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کے علاوہ این ٹی سی سائیڈ، این ٹی اسٹرائیک،آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری کامیٹس، میلبرن اسٹارز، میلبرن رینیگیڈز اور پاپوا نیو گنی (پی این جی) کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جس میں سے ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی۔
پاکستان شاہینز کےاسکواڈ میں روحیل نذیر (کپتان)، عالیان محمود، علی اسفند، عامر حسن، عرفات منہاس، اَذان اویس، باسط علی، فیصل اکرم، محمد عمران، عرفان خان نیازی، سجاد علی، شامل حسین، شاویز عرفان، ذیشان ضمیر اور وہاج ریاض شامل ہیں۔ 
پاکستان شاہینز کے میچوں کا شیڈول:

30 جولائی-بمقابلہ NT اسٹرائیک (T20)

31 جولائی-بمقابلہ ACT کامیٹس (T20)

1 اگست-بمقابلہ میلبرن رینیگیڈز (T20)

2 اگست-بمقابلہ میلبرن اسٹارز (T20)

4 اگست-بمقابلہ PNG (T20)

6 اگست-فائنل

8 اگست-بمقابلہ PNG (50 اوورز)

9 اگست-بمقابلہ NT اسٹرائیک (50 اوورز)