news
English

روہت شرما نے بابر اعظم کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

روہت شرما کی قیادت میں بلیوشرٹس نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 49 ویں جیت حاصل کرکے بابراعظم کو پیچھے چھوڑدیا۔

روہت شرما نے بابر اعظم کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہفتہ کو ہونے والے فائنل میچ میں جگہ بنا لی ہے۔ 
روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان نےٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 49 ویں جیت حاصل کی جس سے روہت شرما اس فارمیٹ میں سب سے کامیاب کپتان بن گئے ہیں اور انہوں نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ 
روہت شرما نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی 48 فتوحات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں مسلسل 11 میچوں میں ہندوستان کی جیت کے سلسلہ کو آگے بڑھایا ہے۔ اس سے قبل یوگنڈا کے کپتان برائن مسابا کے پاس اپنی ٹیم کو سب سے زیادہ ٹی 20 میچز جتوانے کا ریکارڈ تھا جسے بابر اعظم نے توڑا تھا مگر اب روہت شرما بطور کپتان ان دونوں سے آگے نکل گئے ہیں۔
 پیر کےروز آسٹریلیا کے خلاف آخری سپر 8 میچ کے دوران روہت شرما نے بابراعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر ایک اور نیا سنگ میل عبور کیا تھا۔ 
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اب 150 اننگز میں 4,222 رنز ہیں۔ انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا جو اس سے قبل 116 اننگز میں 4,145 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے تھے۔