روہت شرما سری لنکا کے خلاف بھارت کی تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر سامنے آئے ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کردی گئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابر اعظم کی پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے، ٹیم بھارت کے سابق کپتان روہت شرما آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کے بالکل قریب پہنچ گئے ہیں۔ روہت شرما نے سری لنکا کیخلاف تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی 2 مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بناکر بابراعظم سے صرف 61 پوائنٹس پیچھے رہتے ہوئے 763 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کو آئی سی سی ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں بلے کے ساتھ ان کی حالیہ شاندار کارکردگی نے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ فاصلہ کم کرنے میں مدد دی ہے۔ روہت شرما سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچوں میں رنز بنانے میں سرفہرست ہیں، انہوں نے دو نصف سنچریاں اسکور کیں اور 134.06 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 122 رنز بنائے۔
بھارت کے 37 سالہ کھلاڑی نے کولمبو میں سیریز کے دوسرے میچ میں تیز رفتار64 رنز بنائے، جس سے وہ بابراعظم سے صرف 61 پوائنٹس پیچھے رہتے ہوئے 763 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے۔
شبھمن گل سری لنکا کے خلاف پہلے دو میچوں میں صرف 51 رنز بنانے کے باوجود دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی سیریز میں اکشر پٹیل کے 77 رنز نے انہیں ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں 35 درجے ترقی دے کر 178 ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔
سری لنکا کے جینتھ لیاناگے 10 درجے اوپر چڑھ کر 76 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ اوپنر اویشکا فرنینڈو رینکنگ میں 9 درجے ترقی کرکے 88 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
تازہ ترین اپ ڈیٹ میں ون ڈے بولر رینکنگ میں بھی نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ بھارت کے اسپنر کلدیپ یادو دوسرے میچ میں 2/33 کے اعداد و شمار سمیت سری لنکا کے خلاف دو میچوں میں تین وکٹیں لینے کے بعد پانچ درجے ترقی کرکے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
سری لنکا کے نوجوان اسپنر دونتھ ویلالگے دوسرے میچ میں 1/36 کے اعدادوشمار کے ساتھ پانچ درجے بہتری کے بعد 76 ویں اور اکشر پٹیل 37 درجے بہتری کے ساتھ 96 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور سری لنکا کے اسپنر جیفری وینڈرسے نے بھی کافی فائدہ اٹھایا۔ واشنگٹن سندر دوسرے میچ میں تین وکٹیں لینے کے بعد 45 مقامات کی چھلانگ لگا کر 97 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ وینڈرسے اسی میچ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کی شاندار کارکردگی کے بعد 64 مقامات کی چھلانگ لگائی ہے اور اب وہ 105 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔