روہت شرما نے اپنی تیزرفتار اننگز میں آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک کو ایک اوور میں چار بلند و بالا چھکے بھی لگائے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
سینٹ لوشیا میں جاری سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی کپتان نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
مایہ ناز بیٹر روہت شرما نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی تیز ترین نصف سنچری بنا دی۔ اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک اور ایرن جونز کے پاس تھا۔
روہت شرما نے اپنی زبردست اننگز میں کینگروز بولرمچل اسٹارک کو ایک اوور میں چار بلند و بالا چھکے لگائے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک کی جم کر دھلائی کی اور کینگروفاسٹ بولر کے ایک اوورمیں 29 رنز بٹورلیے۔ کینگروزکےلیے اسٹارک کا یہ اوور انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان اہم میچ کھیلا گیا، جہاں بھارتی ٹیم کے کپتان نے میچ کے تیسرے اوور میں دنیا کے مانے ہوئے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی ایسی درگت بنائی کہ دنیا دیکھتی رہ گئی، انھوں نے کینگرو بولر کو ایک اوور میں چار شاندار چھکے لگائے۔
روہت شرما نے پہلی بال پر اسٹارک کو آف سائیڈ پر چھکا لگایا، دوسری بال بھی انھوں نے اسی اسٹائل میں باؤنڈری کی جانب پھینکی۔ تیسری گیند پر روہت شرما نے لانگ آن پر چوکا مارا جبکہ چوتھی بال پھر ایک شاندار چھکے کی صوت میں گراؤنڈ سے باہر گئی، ایسے میں گھبرا کر مچل اسٹارک نے ایک وائیڈ بال بھی کرادی۔
بھارتی ٹیم کے کپتان نے اوور کی آخری بال پر بھی اسٹارک کو نہ بخشا اور فل ٹاس گیند ان بلے کا کنارہ لیتی ہوئے چھکے کے لیے اسٹینڈز میں چلی گئی، یوں مچل اسٹارک کو ایک اوور میں 4 چھکے اور ایک چوکا پڑا اور انھوں نے 29 رنز دیے۔
روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 19گیندوں پر اپنی ففٹی اسکور کی۔
سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلوی ٹیم کو میدان بدر کرکے بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے، افغانستان سے شکست کے بعد آسٹریلیا کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا لازم تھا مگر بھارتی ٹیم نے کینگروز کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔
میچ کے بعد کی پریزینٹیشن میں روہت شرما نے کہا کہ " یہ جیت ہمارے لیے اطمینان بخش ہے۔ ہم اپوزیشن اور ان کی صلاحیتوں کو جانتے ہیں۔ ایک ٹیم کے طور پر، ہم نے اچھا کیا اور وہ کام کرتے رہے جو ہمیں کرنے کی ضرورت تھی۔ ایک ٹیم کے طور پر جیتنا ہمیں اچھا اعتماد دیتا ہے۔ 200 ایک اچھا سکور ہے لیکن جب آپ یہاں کھیل رہے ہیں تو ہوا ایک بڑا عنصر ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم واقعی اچھے حالات میں تھے اور یہ ان افراد کے بارے میں تھا جو اپنا کام کر رہے تھے۔"
روہت نے سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں ٹیم کے لیے حالات کو موثر انداز میں استعمال کرنے پر روشنی ڈالتے ہوئے کلدیپ یادو کی بلے بازی کے لیے موافق پچ پر عمدہ بؤلنگ کی تعریف کی اور نیویارک میں کلدیپ یادیو کی غیر موجودگی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ
"ہم جانتے ہیں کہ اس کے پاس طاقت ہے، لیکن ہمیں ضرورت پڑنے پر اسے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ نیویارک میں بیٹنگ دوست وکٹیں تھیں اس لیے اسے ٹیم سے باہر نکلنا پڑا لیکن ہم جانتے تھے کہ اس کا یہاں بہت بڑا کردار ہوگا۔،،