news
English

ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مزید باؤلنگ کےلئے تیار ہوں، جوروٹ

جوروٹ انگلینڈ کی جانب سے 11,000 سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے2کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں

ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مزید باؤلنگ کےلئے تیار ہوں، جوروٹ

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر جوئے روٹ کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ضرورت پڑنے پر مزید باؤلنگ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

جوروٹ نے ایجبسٹن میں کھیلے گئے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں 15 اوورز کرائے تھے۔

انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا ہوتا ہے جب آپ کو اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملتا ہے اور میں ٹیسٹ وکٹیں لینے کے موقع کے لیے ہمیشہ تیار ہوں۔

جوروٹ انگلینڈ کی جانب سے 11,000 سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے دو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے اپنے باؤلنگ کیرئیر کے دوران 55 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

انگلش ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی انگلی کی انجری کا شکار ہیں جس پر کوچ برینڈن میک کولم نے کہا کہ معین علی فٹ ہونے کی صورت میں دوسرے ٹیسٹ میں کھیلیں گے اور اگر وہ فٹ نہیں ہوئے تو انگلینڈ ول جیکس، ریحان احمد یا لیام ڈاسن کو شامل کرنے پر غور کر سکتا ہے جبکہ دوسرا آپشن یہ ہوگا کہ معین کو ٹیم میں ایک اضافی سیمر کے ساتھ تبدیل کیا جائے اور جوروٹ کو باؤلنگ کی مزید ذمہ داریاں دی جائیں۔

سابق کپتان جوروٹ نے اس حوالے سے کہا کہ معین علی بالکل ٹھیک ہو جائیں گے، مجھے یقین ہے کہ وہ ٹھیک ہو کر جلدی میدان میں نظر آئیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ جو روٹ کا یہ بھی خیال ہے کہ ایجبسٹن میں انگلینڈ کی کارکردگی نے باقی سیریز کے لیے آسٹریلیا کو ایک مضبوط پیغام بھیجا ہے۔

خیال رہے کہ 32 سالہ جو روٹ نے گزشتہ تین ایشز سیریز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کر رکھی ہے۔