آئی پی ایل کے رواں سیزن میں دونوں کرکٹرز کی ایک دوسرے سے تلخ کلامی ہوئی تھی
انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز لکھنئو سپر جائنٹس کے افغان پیسر نوین الحق رائل چیلنجرز بنگلور کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر ویرات کوہلی کا مذاق اڑانے لگے۔
گزشتہ روز ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور کو گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس میچ میں کوہلی نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جو رائیگاں گئی، گجرات نے 198 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں شبن گل کی سینچری کی بدولت حاصل کرلیا اور یوں رائل چیلنجرز کی ٹیم پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ویرات کوہلی کی ٹیم کو شکست ہوئی اور ایونٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر ہوئی تو ایک بار پھر نوین الحق نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ لگاکر مذاق اڑایا، اس پوسٹ میں ایک شخص ہنستا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
نوین الحق اور کوہلی کے درمیان آئی پی ایل کے رواں سیزن میں تلخ کلامی ہوئی تھی، جس میں ٹیم کے مینٹور گوتم گمبھیر بھی شامل ہوگئے تھے جس پر تینوں کرکٹرز کو جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کے آئندہ میچز میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم پلے آف مرحلے میں ممبئی انڈینز کے مدمقابل آئے گی۔