news
English

آئی سی سی ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ: رتوراج گائیکواڑ، بابراوررضوان کے قریب

بھارتی بلے باز رتوراج گائیکواڑ نے آئی سی سی مینز 20 بیٹنگ رینکنگ میں اہم چھلانگ لگائی ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ: رتوراج گائیکواڑ، بابراوررضوان کے قریب

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز رضوان کی پوزیشنز خطرے میں پڑگئیں،
بھارتی بیٹر رتوراج گائیکواڈ نے رینکنگ میں بابر اور رضوان کے ساتھ فرق مزید کم کرلیا۔ 
تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی20 میں زمبابوے کے خلاف بھارت کی جیت کے دوران 47 گیندوں پر ناقابل شکست 77 رنز بنانے کے بعد رتوراج گائیکواڈ نے آئی سی سی کی مینز ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں 13 مقامات اوپر چڑھ کر ٹاپ 10 میں جگہ بنانے کے لیے ایک اہم چھلانگ لگائی ہے۔
رتوراج گائیکواڑ اب 662 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان 755 اور 746 کی ریٹنگ کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ 
گائیکواڈ کے ساتھی بھارتی بلے بازوں رنکو سنگھ اور ابھیشیک شرما نے بھی قابل ذکر فائدہ اٹھایا ہے۔ اسی میچ میں 22 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48 رنز بنانے کے بعد رنکو سنگھ چار درجے ترقی کر کے 39 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ابھیشیک شرما جنہوں نے پہلے میچ میں کوئی اسکور نہیں بنایا تھا، دوسرے میچ میں صرف 47 گیندوں پر شاندار 100 رنز بنا کر رینکنگ میں 75 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
پہلے دو میچوں میں روی بشنوئی کی چھ وکٹوں نے انہیں آئی سی سی ٹی20 بولرز کی درجہ بندی میں آٹھ مقام اوپر لے جاکر 14ویں نمبر پر پہنچا دیا ہے جب کہ بلیسنگ مزربانی بھی پہلے ٹی20 میں زمبابوے کی جیت میں 1/17 کی متاثر کن کارکردگی کے بعد آٹھ مقام بڑھ کر 55ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
آئی سی سی ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں وینندو ہسارنگا نے ہاردک پانڈیا کو ان کی جگہ سے ہٹاتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ بھارت کے واشنگٹن سندر نے پہلے میچ میں 27 رنز بنائے اور دونوں میچوں میں تین وکٹیں لے کر ٹاپ 50 میں داخل ہوگئے ہیں۔