news

عامر کو اپنے رویے پر ہربھجن سنگھ سے معذرت کرنی چاہیے، سعید اجمل

لاہور: سعید اجمل نے کہا ہے کہ محمد عامر کو اپنے رویے پر ہربھجن سنگھ سے معذرت کرنی چاہیے۔

عامر کو اپنے رویے پر ہربھجن سنگھ سے معذرت کرنی چاہیے، سعید اجمل

ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سعید اجمل نے کہا کہ ہربجھن سنگھ اور شعیب اختر کی بات چل رہی تھی، محمد عامر کو درمیان میں نہیں آنا چاہیے تھا، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھے انداز میں پیش آنا چاہیے، محمد عامر کو اپنی بیان بازی پر ہربھجن سنگھ سے معذرت کرنی چاہیے

ایک سوال پر سعید اجمل نے کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی کارکردگی پر خوشگوار حیرت ہوئی، گذشتہ 2 سال میں ایسا وقت بھی آیا جب ٹیم بنانا مشکل نظر آتا تھا، عام طور پر ہم اگر مگر کے چکر میں رہتے ہیں، اس بار غیر معمولی کارکردگی کی بدولت آسانی سے سیمی فائنل میں جگہ بنائی،آصف علی نے اچھا تاثر چھوڑا ہے مگر کارکردگی میں تسلسل کے لیے انہیں مزید بہتری لانی ہوگی۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر محمد عامر نے ہربھجن سنگھ سے کہا تھا کہ پاجی ٹی وی تو نہیں توڑا، جواب میں سابق بھارتی اسپنر نے کہا تھا کہ اب تم بھی بولو گے، بحث چھڑی تو محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ ہونے اور پیسے کے پیچھے بھاگنے کا طعنہ بھی مل گیا اور دونوں طرف سے زبانی حملے ہوئے اور سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔