news
English

پاکستان کپ میں صائم ایوب کی شاندار اننگز،11 چھکے جڑدیئے

صائم ایوب کی شاندار اننگز میں 125 گیندوں پر 179 رنز بنائے گئے جس میں 15 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔

پاکستان کپ میں صائم ایوب  کی شاندار اننگز،11 چھکے جڑدیئے

پاکستان کپ 24-2023ء کے پانچویں راؤنڈ میں راولپنڈی، آزاد جموں و کشمیر اور ایبٹ آباد کے چار مقامات پر میچز کھیلے گئے، جس میں پشاور، کراچی وائٹس، ملتان اور فاٹا اپنے اپنے میچز جیتنے میں کامیاب رہے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی کی جانب سے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر کراچی وائٹس نے مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 125 گیندوں پر 179 رنز بنائے جس میں 15 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔ 
یہ پاکستان کپ کے اس ایڈیشن کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔ اسد شفیق نے 43 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔ راولپنڈی کے ساتوں بولرز ایک ایک وکٹ لے کر لوٹے۔ جواب میں بارش کی مداخلت سے راولپنڈی کی ٹیم 27 اوورز میں صرف 169 رنز بنا سکی جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ 
عبدالفصیح نے 45 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے، عمرامین 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کرکے راولپنڈی کے لیے نمایاں بلے باز رہے، دونوں بیٹرز نے اہم پارٹنر شپ بھی قائم کی۔
لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسد شفیق نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈی ایل ایس کے مطابق کراچی وائٹس کو 72 رنز سے کامیابی ملی۔