news

سی پی ایل: صائم ایوب کی بدولت گیانا ایمیزون واریئرزنے پہلی بارٹائٹل جیت لیا

صائم ایوب نے سی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 میچوں میں 478 رنز بنائے جن میں 4 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

سی پی ایل: صائم ایوب کی بدولت گیانا ایمیزون واریئرزنے پہلی بارٹائٹل جیت لیا

پاکستانی بلے باز صائم ایوب نے سی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 میچوں میں 43.45 کی اوسط اور 142.26 کے اسٹرائیک ریٹ سے 478 رنز بنائے جس میں 4 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ صائم ایوب نے اپنی زبردست پرفارمنس سے گیانا ایمیزون واریئرز کو پہلی بار سی پی ایل ٹائٹل جتوا دیا۔ 
صائم ایوب کی شاندار ففٹی نے گیانا ایمیزون واریئرز کو کیریبین پریمیئر لیگ 2023 کے 11ویں سیزن کا ٹائٹل جیتنے میں مدد فراہم کی۔ 95 رنز کے مجموعی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے خلاف 41 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز بنا کر 14 اوورز میں مجموعی ہدف کا تعاقب مکمل کیا۔ 
ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی جانب سے کیسی کارٹی نے 38 رنز بنائے جبکہ ٹیم کا بقیہ بیٹنگ آرڈر ناکام رہا۔ صرف دو بلے باز ڈبل فگر تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ ڈیوائن پریٹوریئس ایمیزون واریئرز کے لیے ٹاپ پرفارمر رہے، انھوں نے چار وکٹیں حاصل کیں جس پر انھیں پلیئر آف دی فائنل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 
گیانا ایمیزون واریئرز سی پی ایل میں اپنا چھٹا فائنل کھیل رہی تھی، پہلے پانچ ہارنے والی ٹیم اس بار ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ گیانا ایمیزون واریئرز نے 11 ویں سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیااور راؤنڈ میں 10 میں سے آٹھ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہی۔ شائی ہوپ اور صائم ایوب، گیانا ایمیزون واریئرز کے لیے ٹاپ پرفارمرز رہے، انھوں نے ایڈیشن کو سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ختم کیا۔ 
شائی ہوپ نے 53.44 کی اوسط سے 481 رنز بنائے جبکہ صائم ایوب نے 43.45 کی اوسط سے 478 رنز بنائے جس میں 13 میچوں میں نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وکٹ کیپر اعظم خان نے بھی سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 224 رنز بنائے جس میں سیزن کے نازک مرحلے میں ایک ففٹی بھی شامل تھی۔