news
English

محمد حارث کو ٹی 20 اسکواڈ سے کیوں نظراندازکیا گیا، سلمان بٹ نے بتادیا

پاکستان کے لیے نو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے محمد حارث کا اوسط صرف 14 اور سب سے زیادہ اسکور 31 ہے۔

محمد حارث کو ٹی 20 اسکواڈ سے کیوں نظراندازکیا گیا، سلمان بٹ نے بتادیا

قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے قومی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو اپنی پرفارمنس پر نظرثانی کا مشورہ دے دیا۔ 
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان و کمنٹیٹر سلمان بٹ نے کہا کہ اعظم خان، صائم ایوب اور افتخار احمد سبھی تیز رفتار اننگز کھیلتے ہیں جبکہ شاداب اور عماد وسیم بھی ہارڈ ہٹرز میں شمار ہوتے ہیں، عثمان خان پی ایس ایل میں پرفارم کرکے قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ محمد حارث کو سوچنا چاہیے کہ انہوں نے کیا کیا؟ 
سابق کرکٹر نے کہا کہ محمد حارث کو کافی مواقع ملے لیکن وہ اُسے کیش کرانے میں ناکام رہے، انہیں چاہیے وہ خود سے سوال کریں کہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کیساتھ انصاف کیا ہے؟ وہ بعض اوقات ایسے شاٹس کھیلتا ہے جس کی میچ کے وقت ضرورت نہیں ہوتی تھی، اس نے اے ٹیم کی نمائندگی کے دوران بھی کئی بار ایسا کیا۔،،  
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت ہر کرکٹ فین چاہتا ہے کہ وہ کھیلیں لیکن انہیں عملی طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔  
 پاکستان کے لیے نو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے محمد حارث کا اوسط صرف 14 اور سب سے زیادہ اسکور 31 ہے۔
واضح رہے کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا، جس میں تین وکٹ کیپرز کی اسکواڈ میں شمولیت اور حسن علی کی واپسی پر سلیکٹرز پر تنقید کی گئی تھی۔