news

سلمان بٹ کی شاہین آفریدی کے واقعے میں بدانتظامی پر انتظامیہ پر شدید تنقید

سابق کرکٹر سلمان بٹ نے انتظامیہ کے اقدامات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

سلمان بٹ کی شاہین آفریدی کے واقعے میں بدانتظامی پر انتظامیہ پر شدید تنقید

قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے شاہین آفریدی اور محمد یوسف کے واقعے کو مس ہینڈل کرنے پر ٹیم انتظامیہ پر تنقید کے نشتر چلادیئے، ان کا کہناتھاکہ اگر شاہین ڈسپلن توڑ رہا تھا تو کسی دوسرے کھلاڑی کا انتخاب کرنا چاہئے تھا، انتظامیہ کا کام شکایت کرنا نہیں بلکہ کارروائی کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء سے قبل شاہین شاہ آفریدی کی بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے ساتھ مبینہ تلخ کلامی کے واقعے پر انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک مقامی اسپورٹس چینل پر اپنے انٹرویو میں سلمان بٹ نے انتظامیہ کے اقدامات پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ 
سلمان بٹ نے کہا کہ اگر انتظامیہ سمجھتی ہے کہ شاہین آفریدی ان منصوبوں پر عمل درآمد نہیں کر رہے تھے اور جان بوجھ کر ان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے تھے تو انہیں کارروائی کرنی چاہیے تھی۔،، 
سلمان بٹ نے کہا کہ “اگر وہ نظم و ضبط پر عمل نہیں کررہا تھا تو انہیں اسے چھوڑ کر کسی دوسرے کھلاڑی کے ساتھ جانے کا انتخاب کرنا چاہئے تھا، لیکن اگر آپ نے ان تمام مسائل کے باوجود اسے پورا موقع دیا اور اب شکایت کر رہے ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ کوئی بھی ایسا کر سکتا ہے۔ بھاری تنخواہوں پر بڑے ناموں کی تقرری کا کیا فائدہ؟ 
انتظامیہ کا کام شکایت کرنا نہیں بلکہ کارروائی کرنا ہے"۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء سے قبل ٹیم کے انگلینڈ کے دورے کے دوران پریکٹس سیشن میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے ساتھ بحث ہوئی تھی۔
مبینہ طور پر یہ واقعہ ہیڈنگلے میں پاکستان کی نیٹ پریکٹس کے دوران پیش آیا تھا جب شاہین آفریدی کی مسلسل نوبالز پر محمد یوسف نے نشاندہی کی تھی جس پر فاسٹ بولر غصے میں آگئے اور ان سے کہا کہ وہ بغیر مداخلت کے انہیں پریکٹس کرنے دیں۔ واقعے کے بعد شاہین نے بیٹنگ کوچ سے معافی مانگی اور ٹیم انتظامیہ نے ان کے ناروا سلوک پر سرزنش کی تھی۔ تاہم پاکستان کرکٹ میں اس وقعے کی گونج ابھی تک برقرار ہے اور اس حوالے سے آئے دن کوئی نہ کوئی بیان سامنے آتا رہتا ہے۔