انھیں یوایس اے کے سلیکٹرز نے نیشنل ٹی 20 چیمپئن شپ کے لیے ویسٹ زون کے اسکواڈ میں ہی شامل نہیں کیا۔
پاکستان کے سابق کرکٹرسمیع اسلم کا امریکا کی جانب سے ورلڈکپ 2024 کھیلنے کا خواب خطرے میں پڑگیا۔
تفصیلات کے مطابق سمیع اسلم کا امریکا کی جانب سے ٹی 20 ورلڈکپ کھیلنے کا خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا، کیونکہ انھیں یوایس اے کے سلیکٹرز نے نیشنل ٹی 20 چیمپئن شپ کے لیے ویسٹ زون کے اسکواڈ میں شامل ہی نہیں کیا، اسی طرح سری لنکا کے سابق کرکٹر شیہان جے سوریا کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔
نیشنل چیمپئن شپ کو میگا ایونٹ کی سلیکشن کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے، پاکستان کے 28 سالہ سابق کرکٹر سمیع اسلم نے امریکا میں مختلف مقابلوں کے دوران کافی رنز بنائے، انھوں نے گولڈن اسٹیٹ گریزلز کی جانب سے 42 میچز میں 35 کی اوسط سے ابتدائی 2 سیزنز میں 1000 سے زائد رنز بھی اسکور کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے سمیع اسلم انڈور ٹرائلز میں شریک ہی نہیں ہوئے اس لیے انھیں نیشنل ٹی 20 ایونٹ کے لیے نظرانداز کردیا گیا۔