news
English

رن آؤٹ کے مسئلے پر قابو پانا ہوگا، کپتان کوئٹہ ٹیم

سرفراز نے کہا کہ میچ کے دوران گرما گرمی ہوجاتی ہے، رن آئوٹ کے مسئلے پر ہمیں کام کرنا پڑے گا،

رن آؤٹ کے مسئلے پر قابو پانا ہوگا، کپتان کوئٹہ ٹیم فوٹو: اے ایف پی

کراچی: دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہمیں رن آؤٹ کے مسئلے پر قابو پانا ہوگا۔

پی ایس ایل 5میں 3 میچز میں دوسری کامیابی پانے والی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کراچی کنگز سے مقابلہ دلچسپ رہا،سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کے صاحبزادے اعظم خان ایک مرتبہ پھرعمدہ بیٹنگ کرکے ٹیم کو کامیابی دلوانے میں نمایاں رہے، جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے اعظم خان پربھروسہ تھا کہ وہ اچھا کھیلیں گے، اعظم خان کی فٹنس میں تیزی کے ساتھ بہتری آرہی ہے، محنت کرکے وہ مستقبل کا اچھا بیٹسمین بن سکتا ہے۔

میچ کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ فی الحال کسی مقابلے میں شامل نہیں ہونا چاہتا،تمامتر توجہ پاکستان سپر لیگ پرمرکوز ہے، میچ میں قومی کپتان کے خلاف ریویو لینے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہمیں لگ رہا تھا بابر اعظم آئوٹ ہیں، بابر کی وکٹ ہمارے لیے کافی اہمیت رکھتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں ٹاپ آرڈر آج رن آئوٹ ہوئے، جیسن رائے اور واٹسن اننگز نہیں بناپارہے،ٹیکنالوجی بڑے مقابلوں میں بھی خراب ہوجاتی ہے، جیتنے کے بعد واقعی ٹیم کا مورال بڑھ گیا ہے،کھلاڑی کبھی نہیں چاہتا کہ پاکستان ٹیم سے باہر ہوجائے،پوری کوشش کررہا ہوں ڈومیسٹک کے بعد پی ایس ایل بھی اچھا کھیلوں، فیلڈ میں کوئی دوست یار نہیں ہوتا، وہاب ریاض الگ ٹیم سے کھیل رہے ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ میچ کے دوران گرما گرمی ہوجاتی ہے، رن آئوٹ کے مسئلے پر ہمیں کام کرنا پڑے گا،کراچی والے خود پریشان تھے،کس ٹیم کو سپورٹ کریں،محمد حسنین اور نسیم شاہ کی فاسٹ بولنگ زبردست ہے،دونوں کی پیس دیکھ کر وقار یونس  اور وسیم اکرم کی یاد آجاتی ہے۔