سرفرازاحمد کو آسٹریلیا کی فائر پاور کے باوجود پاکستان کی بیٹنگ کی صلاحیت پر یقین ہے۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کنڈیشنز میں سخت چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے 4 روزہ میچ بہت اہمیت رکھتا ہے۔
کینبرا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پریکٹس میچ سے زیادہ زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ آسٹریلیا ایک ٹاپ ٹیم ہے، کنڈیشنز بھی مشکل ہیں مگر ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کا اچھا مقابلہ کریں گے۔
سرفرازاحمد نے آسٹریلیا کی فائر پاور کے باوجود پاکستان کی بیٹنگ کی صلاحیت پر یقین کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم، عبداللہ شفیق، سعود شکیل اور سلمان علی آغا سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں جبکہ بولنگ میں شاہین شاہ اور حسن علی شاندار کارکردگی دکھانے کے اہل ہیں۔ میر حمزہ، خرم شہزاد اور فہیم اشرف بھی ڈومیسٹک میں پرفارم کرتے ہوئے آئے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا ایک ٹیم کے طور پر ہدف یہی ہے کہ یہاں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے اور سیریز جیتنی ہے، مجھے اور رضوان کو منیجمنٹ جو رول بھی دے گی اس پر پورا اتریں گے۔
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر کی آخری ٹیسٹ سیریز کے لیے نیک خواہشات ہیں اور کوشش کریں گے کہ ان کو جلد آوٹ کریں۔