پاک، سری لنکا گال ٹیسٹ: کھیل کے دوسرے روز 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنالئے۔
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنالئے، قومی ٹیم کو سری لنکا پر 66 رنز کی برتری حاصل ہے۔
کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل نے 129 گیندوں پر سنچری اسکور کی جب کہ سلمان علی آغا 83 رنز بنانے کے بعد اسٹمپ آئوٹ ہو کرپویلین لوٹ گئے۔
سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی وکٹ کی شراکت پر 177 رنزبنائے اور سب سے طویل شراکت داری قائم کرنے کا اعزاز حاصل کیا،سعود شکیل 225 گیندوں پر 151 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جب کہ نئے آنے والے کھلاڑی نسیم شاہ ہیں۔
کھیل کے تیسرے روز سری لنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی 57 گیندوں پر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
گال میں ہونے والا میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔
کھیل کا دوسرا روز:
گزشتہ روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا کے بلے بازوں نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ لی۔
دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے جبکہ شان مسعود نے 39 رنز اسکور کیے۔
ان کے بعد آنے والے بلے باز سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔
کھیل کا پہلا روز:
گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پرسری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہوسکا تھا۔
کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اورسلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔