ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کرنے کے لیے 5 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ میں اسکواڈ بھیجنے کے لیے اعلیٰ حکام کی ابتدائی مشاورت مکمل ہوگئی جب کہ سعود شکیل کو عبد اللہ شفیق کی جگہ 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سعود شکیل کو 15 رکنی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا، کپتان بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد نواز، اسامہ میر، محمد حارث، شاہین آفریدی، حارث رئوف، نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کے نام شامل ہوں گے۔
ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈزکا اعلان کرنے کے لیے 5 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، 28 ستمبر تک ٹیمیں آئی سی سی کی اجازت کے بغیر اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کر سکتی ہیں، اس کے بعد کسی بھی تبدیلی کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت درکار ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ابتدائی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام 5 ستمبر تک آئی سی سی کو بھجوادے گا، حتمی اسکواڈ کا باقاعدہ اعلان ایشیاءکپ کے بعد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔