news
English

پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل کرکٹ سیریز کا آغاز دسمبر میں پرتھ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ سے ہوگا۔

پاکستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرین شرٹس اپنے دورہ آسٹریلیا میں میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کے نام سے کھیلی جائے گی جوکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں 14 سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2024 تک سڈنی کےتاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا آسٹریلیا کا یہ تیسرا ٹیسٹ ٹور ہوگا، اس سے قبل وہ دسمبر 2016 میں مصباح الحق اور نومبر 2019 میں اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ کھیل چکے ہیں، بابراعظم آسٹریلیا میں اب تک پانچ ٹیسٹ میچوں میں 278 رنز بناچکے ہیں جس میں برسبین ٹیسٹ میں بنائی گئی سنچری قابل ذکر ہے، اس کے علاوہ انہوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے اسپنرز رچی بینو اور عبدالقادر کے نام سے بینو قادر ٹرافی کا آغاز 2022 میں ہوا تھا جب آسٹریلوی ٹیم نے 16 سال کے وقفے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پیٹ کمنز کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔