پی سی بی کے مطابق24-2023 کے سیزن میں ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کے لیے الگ الگ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر برائے 2023،24 کا اعلان کر دیا۔
ڈومیسٹک سیزن 10 ستمبر سے قائداعظم ٹرافی کے ساتھ شروع ہو گا جبکہ 15 دسمبر سے پریزیڈنٹ ٹرافی شروع ہوگی جس میں ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیزن میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کے الگ الگ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس ہوں گے، ریجنز اور ڈپارٹمنٹ کی 8، 8 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر ہوں گے اور دونوں میں ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی، پوائنٹس ٹیبل کی بنیاد پر دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کرچکے ہیں اور قائداعظم ٹرافی اور حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو چار روزہ ٹورنامنٹ کے لیے 18 ریجنل ٹیموں کا انتخاب 2018-19 کے سیزن میں ٹیموں کی پوزیشنز کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے جہاں سے ڈومیسٹک اسٹرکچر کا دوبارہ آغاز ہوگا۔ دونوں ٹورنامنٹس ایک ساتھ شروع ہوں گے، ایبٹ آباد، لاہور اور راولپنڈی قائداعظم ٹرافی کے میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ فیصل آباد ، ملتان اور اسلام آباد میں گریڈ ٹو حنیف محمد ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے۔