news
English

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے شیڈول کا اعلان  

یہ نیوزی لینڈ کا گذشتہ 17 ماہ میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے شیڈول کا اعلان  

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی20 میچ 18 اپریل کو کھیلا جائے گا۔  
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد لاہور 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرے گا۔ ٹی20 سیریز کے تمام پانچ میچز شام 7 بجے سے شروع ہوں گے۔ 
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا گذشتہ17 ماہ کے عرصے میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل اس نے دسمبر 2022/ جنوری 2023 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی سال کے آخر میں کیوی ٹیم 10 وائٹ بال میچز میں حصہ لینے کے لئے پاکستان آئی تھی یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔ 
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا شیڈول: 
14 اپریل ۔ نیوزی لینڈ کی پاکستان آمد۔ 
16 اور 17 اپریل۔ پریکٹس سیشن۔ 
18 اپریل ۔ پہلا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی۔ 
20 اپریل ۔ دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی۔ 
21 اپریل ۔ تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔راولپنڈی۔ 
25 اپریل ۔ چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور۔ 
27 اپریل ۔ پانچواں ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور۔