news
English

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنلز کے شیڈول کی تصدیق ہو گئی

چاروں ٹیموں کا مقصد 29 جون کو بارباڈوس میں ہونے والے فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کرنا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنلز کے شیڈول کی تصدیق ہو گئی

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنلز کھیلنے والے ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔ 
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے فیصلے کے ساتھ ہی سپر ایٹ مرحلے کا اختتام ہوگیا۔ دونوں سیمی فائنلز جمعرات 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔ 
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 8 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس طرح ناک آؤٹ فائنل فور مرحلے کی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔ 
گروپ ون سے بھارت اور افغانستان اور گروپ ٹو سے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ 
گروپ ٹو سے پہلے ہی جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ چکے تھے جب کہ سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور میگا ایونٹ کے پہلے اسٹیج میں ناقابل فراموش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میزبان امریکا کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی تھیں تاہم گروپ ون میں آسٹریلیا کی پہلے افغانستان اور گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کے بعد سیمی فائنل کے لیے دوسری ٹیم کا انحصار افغانستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے نتیجے پر منحصرتھا۔ اگر یہ میچ معمولی مارجن سے افغانستان ہار جاتا تو آسٹریلیا اور افغانستان کے پوائنٹس برابر یعنی چار، چار ہوجاتے مگر رن ریٹ کے معمولی فرق سے کینگروز اگلے مرحلے میں پہنچ جاتے، تاہم اگر بنگلہ دیش 116 رنز کا ہدف 13 اوورز میں حاصل کرلیتا تو اس مرحلے کا صرف یہ میچ جیت کر رن ریٹ میں آسٹریلیا اور افغانستان کو پیچھے چھوڑتا ہوا فائنل فور میں جگہ بنا لیتا، لیکن افغانستان کی سادہ فتح نے اس اگر مگر کی صورتحال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ 
گروپ ون میں بھارتی ٹیم اور گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ اب تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیمیں ہیں ان دونوں نے اپنے تمام میچز جیتے ہیں۔ 
میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات 27 جون کو صبح ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔ ناک آؤٹ مرحلے میں دونوں ٹیمیں پہلی بار مدمقابل آئیں گی۔ 
باہمی مقابلوں میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری ہے تاہم چوکرز کے نام سے مشہور پروٹیز کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ریکارڈ خاصا خراب ہے۔ یہ ٹیم اب تک میگا ایونٹ کے 2 سیمی فائنل کھیل چکی ہے اور دونوں ہی ہارے ہیں جب کہ افغانستان نے پہلی بار کسی آئی سی سی ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کیا ہے۔ 
دوسرا سیمی فائنل بھی جمعرات 27 جون کو گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ جس میں بھارت اور انگلینڈ مدِمقابل ہوں گے۔ 

دونوں ٹیمیں 2022 میں پہلی بار سیمی فائنل میں ٹکرائی تھیں جس میں انگلش ٹیم نے بھارت کو 10 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے یہ میچ جیتا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مجموعی ریکارڈ بھی شاندار ہے جو اب تک چار ناک آؤٹ میچز کھیل چکی ہے اور صرف ایک میں اسے شکست ہوئی انگلش ٹیم نے اپنے بقیہ تینوں میچز جیتے۔ دوسری جانب بھارت کا سیمی فائنل میں ریکارڈ دو، دو سے برابر ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ میگا ایونٹ میں انگلینڈ دفاعی چیمپئن ہے۔