news

ویمنز ایشز: انگلش ٹیم کی کینگروز کےخلاف ون ڈے سیریز میں فتح

نیٹ سکیور برنٹ کی شاندار سنچری نے انگلینڈ کو ویمنز ایشز میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد دی۔

ویمنز ایشز: انگلش ٹیم کی کینگروز کےخلاف ون ڈے سیریز میں فتح

انگلش ویمن کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ایشز سیریز کے تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ایک روزہ سیریز جیت لی۔ 
یاد رہے کہ انگلینڈ نے 2013 کے بعد مہمان آسٹریلوی ٹیم کو پہلی بار دو طرفہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شکست دی ہے۔ 
میزبان انگلش ٹیم نے ٹاؤنٹن میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں 69 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی جس کا مطلب ہے کہ پوائنٹس پر مبنی اور ملٹی فارمیٹ کی ایشز سیریز 8 - 8 سے ڈرا ہوگئی۔
آخری ون ڈے میں انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے تاہم بارش کی وجہ سے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 44 اوورز میں 269 رنز کا ہدف دیا گیا۔
انگلینڈ کی جانب سے نیٹ سکیور برنٹ نے تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے 129 رنز بنائے جبکہ دیگر بیٹرز میں کپتان ہیدر نائٹ نے67 اورڈینی ویٹ نے 43 رنز کی زبردست اننگز کھیلیں۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے ایشلے گارڈنر اور جیس جوناسن نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بیٹرز انگلش باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکیں اور پوری ٹیم 35.3 اوورز میں 199رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایلیسی پیری 53 اور ایشلے گارڈنر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے کیٹ کراس نے تین جبکہ لارین بیل اور چارلی ڈین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ 
میزبان ٹیم کی کھلاڑی نیٹ سکیور برنٹ کوشاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی سیریز اور پلیئرآف دی میچ قراردیا گیا۔