news
English

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا

شارجہ: پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا جب کہ قومی شاہین پلٹ کر جھپٹنے کو تیار ہیں

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا PHOTO COURTESY: PCB

شارجہ: پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا جب کہ قومی شاہین پلٹ کر جھپٹنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ کچھ بہتر بیٹنگ پرفارمنس دیکھنے کو ملیں مگر بولرز میں ویسی شدت دکھائی نہیں دی جس کی ہدف کے دفاع کیلیے ضرورت تھی، فیلڈنگ کا معیار انتہائی مایوس کن دکھائی دیا، خاص طور پر محمد عامر کافی مہنگے ثابت ہوئے۔

محمد عباس گیند پر ویسے کنٹرول کا مظاہرہ نہیں کرپائے جس کی بدولت انھوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں فنچ اور دیگر آسٹریلوی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز کے دوران پریشان کیا تھا۔خود عبوری کپتان شعیب ملک بھی صرف 11 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال پائے تھے جبکہ اپنے واحد اوور میں کافی مہنگے ثابت ہوئے تھے، انھیں خود پرفارم کرنے کے ساتھ اپنے ناتواں اسکواڈ سے بہتر کام لینے کا بھی چیلنج درپیش ہے۔

پہلے میچ میں کسی بھی موقع پر آسٹریلوی ٹیم دباؤ کا شکار نہیں دکھائی دی، شعیب کو اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے حریف سائیڈ پر دباؤ بڑھانا ہوگا، ان کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ون ڈے میں جلد وکٹیں لے کر مہمان کھلاڑیوں پر پریشر بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

ورلڈ کپ جیسے اہم ترین ایونٹ سے قبل پاکستان کی جانب سے حیران کن تجربات کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، ابھی عابد علی، محمد حسنین اور سعد علی ڈیبیو کے منتظر ہیں، انھیں بھی کسی نہ کسی موقع پر میدان میں اترنے کا موقع مل سکتا ہے، عامر کی جگہ عثمان شنواری لے سکتے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی توجہ سیریز میں اپنی برتری کو مستحکم کرنے پر مرکوز جبکہ اس کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کیلیے بہترین کمبی نیشن کی تیاری میں بھی مصروف ہیں، اسی لیے پہلے میچ میں پیٹ کمنز کو آرام دیا گیا تھا تاہم انھیں اب میدان میں اتارا جاسکتا ہے، اسکواڈ میں موجود تمام پلیئرز کو کسی نہ کسی موقع پر میدان سنبھالنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

پہلے مقابلے کی طرح وکٹ لو اور سلو رہنے کا امکان ہے، جس سے بولرز کو زیادہ مدد نہیں ملے گی تاہم بیٹسمینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2015 میں لگاتار 9 میچز جیتنے کے بعد سے اب تک کینگروز نے مسلسل پانچ ون ڈے میچز نہیں جیتے تاہم اب اتوار کو ان کے پاس اس کا موقع موجود ہوگا۔

ادھر پاکستان نے مئی 1990 کے آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل کے بعد سے شارجہ میں آسٹریلیا کو کبھی ون ڈے میں نہیں ہرایا جبکہ کینگروز 1998 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سے اس وینیو پر کسی بھی ٹیم سے نہیں ہارے۔