news
English

جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

بابر اعظم کے 90 اور حسین طلعت کے 55 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آئے

جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی PHOTO: AFP

جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز 0-2 سے جیت لی۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ پروٹیز کے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 181 رنز بنا سکی، بابر اعظم کے 90 اور حسین طلعت کے 55 رنز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔

اوپنر بابر اعظم اور فخر زمان نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 41 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا، فخر زمان 9 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور 58 گیندوں پر 90 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے، حسین طلعت نے 55 رنز کی باری کھیلی جو بے سود ثابت ہوئی۔

کپتان شعیب ملک اور عماد وسیم نے 6،6 اور آصف علی نے 2 اور حسن علی نے ایک رن بنایا جب کہ محمد رضوان ایک بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے پھلکوایو سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مورس اور ہینڈرکس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 188 رنز بنائے، کپتان ڈیوڈ ملر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور چار دلکش چوکے شامل تھے جب کہ وینڈرڈوسن نے 45 اور ملان نے 33 رنز بنائے، ہینڈرکس نے 28 اور کلاسن نے 5 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، عثمان شنواری سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں 63 رنز دیے۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ جنوبی افریقی ٹیم کے مستقل کپتان فاف ڈوپلیسی کی غیر موجودگی میں ڈیوڈ ملر کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔