news
English

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار

پاکستان کی پہلی اننگز میں 272 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 106 رنز بنالیے

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی: پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 106 رنز بنالیے ہیں۔ 

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان کو جلد ہی دو کامیابیاں مل گئیں۔

ڈین ایلگر 15 رنز کر آؤٹ ہوئے تو حسن علی نے اگلی ہی گیند پر وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ کردیا۔ فاف ڈپلسی اس اننگز میں بھی ناکام رہے اور 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ ایڈن مارکرم نعمان علی کو شارٹ مارنے کے چکر میں کیچ دے بیٹھے وہ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8  رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورجی نے 5  اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے، یہ ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔