news
English

پاک نیوزی لینڈ سیریز: کیویز کا 2رکنی سیکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا

اعلیٰ سطح کا سیکورٹی وفد پنڈی، لاہور اسٹیڈیم سمیت ٹیم ہوٹل کا بھی دورہ کرے گا، رپورٹس

پاک نیوزی لینڈ سیریز: کیویز کا 2رکنی سیکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا

پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کیویز بورڈ کا دو رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیوی ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔ 
وفد پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا، بعدازاں ٹیم کے ہوٹل اور پنڈی اسٹیڈیم بھی جائے گا جبکہ پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ کے وفد کو اعلیٰ سطح کی بریفنگ بھی دی جائے گی۔ 
دوسرے مرحلے میں کیوی وفد لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا اور ٹیم کے ہوٹل سمیت اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔ 
کیویز کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل کو شیڈول ہے۔  
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدائی تین میچز راولپنڈی جبکہ 2 میچز لاہور میں شیڈول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔